مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیکل کیرک نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کو رواں سیزن میں بہتر نتائج حاصل کرنے اور اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے دفاع مضبوط بنانا اور حریف ٹیموں کو گول کرنے سے روکنا ہوگا۔بی بی سی کے مطابق چیمپئنز لیگ میں کومو کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیرک نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی کے بعض پہلوؤں میں بہتری …
مانچسٹر یونائیٹڈ کی قسمت بدلنے کے لئے کلین شیٹس ضروری ہیں، مائیکل کیرک کا اعتراف

مزید خبریں
کومو۔21اکتوبر (اے پی پی):مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیکل کیرک نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کو رواں سیزن میں بہتر نتائج حاصل کرنے اور اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے دفاع مضبوط بنانا اور حریف ٹیموں کو گول کرنے سے روکنا ہوگا۔بی بی سی کے مطابق چیمپئنز لیگ میں کومو کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیرک نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی کے بعض پہلوؤں میں بہتری کی ضرورت ہے اور وہ دفاعی مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ رواں سیزن میں 10 میچز کے دوران صرف ایک مرتبہ کلین شیٹ برقرار رکھ سکا ہے، جب اس نے گزشتہ ماہ آذربائیجان کے کلب صباح ایف کے کو گول کرنے سے روکا تھا۔کیرک کی زیر نگرانی گزشتہ سیزن میں مانچسٹریونائیٹڈ نے 17 میچز میں 6 کلین شیٹس حاصل کی تھیں جبکہ ان کے پیش رو روبن اموریم کے دور میں ٹیم 63 میچز کے دوران صرف 9 مرتبہ حریفوں کو گول کرنے سے روک سکی تھی۔
اس کے برعکس آرسنل نے رواں سیزن میں 11 میچز میں 7 کلین شیٹس حاصل کی ہیں۔مانچسٹریونائیٹڈ کے دفاعی مسائل کی ایک بڑی وجہ کھلاڑیوں کی انجریز بھی ہیں۔ نیدرلینڈز کے دفاعی کھلاڑی میتھیس ڈی لِخت انجری سے صحت یاب ہو کر دستیاب ہیں، تاہم لیساندرو مارٹینیز ران کی انجری کے باعث اٹلی کا سفر نہیں کر سکے۔ لین یورو پابندی کے باعث دستیاب نہیں جبکہ لیوک شا بھی مکمل فٹنس حاصل نہیں کر سکے۔
ان حالات میں ٹیم کو دفاعی پوزیشنوں پر بار بار تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔لیوک شا کی عدم دستیابی کے باعث گزشتہ 6 میچز میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے 5 مختلف کھلاڑیوں کو لیفٹ بیک کی پوزیشن پر آزمایا ہے۔ نوجوان کھلاڑی ہیری ایمس کو بھی موقع دینے کے حوالے سے کیرک نے کہا کہ وہ ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب وقت پر مواقع ملنے چاہییں۔
موسم گرما میں کھلاڑیوں کی خریداری اور دفاعی متبادل کی کمی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کیرک نے کہا کہ کلب نے دستیاب بجٹ اور حالات کے مطابق بہترین فیصلے کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے نئے کھلاڑی آندرے سانتوس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کے منصوبے کا اہم حصہ ہیں۔کیرک کے مطابق انجریز اور دیگر مشکلات کے باوجود ٹیم کو موجودہ وسائل سے بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی، جبکہ دفاعی استحکام حاصل کرنا بہتر نتائج کے لیے ناگزیر ہے۔








