19ویں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2026 کا اسلام آباد میں آغاز

19ویں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2026 کا اسلام آباد میں آغاز

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):19ویں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2026 کی میڈیا بریف اور افتتاحی تقریب مارگلہ گرینز گالف کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ بدھ کو منعقدہ تقریب کے ساتھ ہی قومی گالف کیلنڈر کے ایک اہم اور ممتاز ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔میڈیا بریفنگ کے دوران پیٹرن پاکستان نیوی گالف (نارتھ) ریئر ایڈمرل احمد حسین نے ایونٹ کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور مختلف کیٹیگریز میں مقابلوں کے طریقۂ کار اورشرکاء کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

یہ ایونٹ 22 سے 25 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوگا جس میں مردوں کے امیچرز (54 ہولز)، خواتین کے امیچرز (36 ہولز)، سینئرز (36 ہولز) اور جونیئرز کیٹیگری (18 ہولز) کے مقابلے شامل ہوں گے۔ اس کےعلاوہ مہمانوں اور اسپانسرز کے لیے ایک دعوتی مقابلہ بھی منعقد کیا جائے گا۔چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2007 سے قومی گالف سرکٹ میں ایک نمایاں ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

یہ ایونٹ صحت مند مقابلوں کو فروغ دینے کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کا موقع ملتا ہے۔ اس ایونٹ کا باقاعدہ انعقاد قومی اور بین الاقوامی سطح پر گالف کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔افتتاحی تقریب میں اسپانسرز، گالف کھلاڑیوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔