قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف 300 سے زائد رنز بنانے کا ہدف ذہن میں تھا، بڑی ٹیموں کے خلاف رنز بنا کر ہی بڑا نام کمایا جا سکتا ہے
انگلینڈ کے خلاف 300 سے زائد رنز بنانے کا ہدف ذہن میں تھا، بڑی ٹیموں کے خلاف رنز بنا کر ہی بڑا نام کمایا جا سکتا ہے، حسن نواز

مزید خبریں
راولپنڈی۔21اکتوبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف 300 سے زائد رنز بنانے کا ہدف ذہن میں تھا، بڑی ٹیموں کے خلاف رنز بنا کر ہی بڑا نام کمایا جا سکتا ہے۔ بدھ کو پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ وہ منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے تھے اور ان کی کوشش تھی کہ پہلی ہی گیند سے مثبت انداز میں بیٹنگ کریں۔ عادل رشید نے فیلڈرز کو اوپر رکھا تو انہوں نے پہلی گیند پر چھکا لگا دیا۔ حسن نواز نے کہا کہ جب بھی مشکل صورتحال پیش آتی ہے تو وہ اسے ایک چیلنج کے طور پر لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ اگر انگلینڈ کے خلاف 300 سے زائد رنز بنائے جائیں تو میچ میں اچھا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اننگز کے دوران جو بھی بیٹر کریز پر آتا ، اسے یہی پیغام دیتے تھے کہ وکٹ پر ٹھہر کر شراکت قائم کرنی ہے کیونکہ ٹیم کے لیے بڑا مجموعہ کھڑا کرنا ضروری تھا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں حسن نواز نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 74 گیندوں پر 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
انہوں نے سعد بیگ کے ساتھ 52 رنز جبکہ عرفات منہاس کے ساتھ 78 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔








