صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے ملاقات کی، جس میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقادودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے شہر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے،صوبائی وزیرکھیل

مزید خبریں
لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے ملاقات کی، جس میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقادودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس خاور حسین اورنائب صدر چوہدری جہانگیر بھی موجود تھے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر کہا ہے کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے شہر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کھیلوں کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کھیلوں کے میدان میں تاریخ رقم کرنے جا رہی ہیں، یہ گیمز نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کو بھی ان گیمز میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے تاکہ شہر کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں،سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا، سیالکوٹ جیسے صنعتی اور کاروباری شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے صوبائی وزیر کو سیالکوٹ کے دورے کی دعوت دی، جس پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے جلد سیالکوٹ کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔








