ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن کی زیرِ نگرانی ریسکیو 1122 رحیم یار خان کے قیام کے 19 سال مکمل ہونے پر ضلعی ہیڈکوارٹر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا
ریسکیو 1122 رحیم یار خان کے قیام کے 19 سال

مزید خبریں
صادق آباد۔21 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن کی زیرِ نگرانی ریسکیو 1122 رحیم یار خان کے قیام کے 19 سال مکمل ہونے پر ضلعی ہیڈکوارٹر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر اعجاز احمد، اکاؤنٹنٹ حسنین علی، کنٹرول روم انچارج محمد سعید، شفٹ انچارجز اظہر ابرار اور یونس سعیدی، میڈیا کوارڈینیٹر عدنان شبیر سمیت ریسکیو افسران اور ریسکیورز نے شرکت کی اور ادارے کے قیام کی 19ویں سالگرہ پر خوشی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ 21 اکتوبر 2007ء کو رحیم یار خان میں ریسکیو 1122 سروس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس کے بعد ادارے نے مسلسل محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت امدادی کارروائیوں کے ذریعے عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
گذشتہ 19 سال کے دوران ریسکیو 1122 رحیم یار خان نے اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ریسکیو سروسز کا قیام عمل میں لایا، جبکہ شہری آبادیوں میں ہنگامی امداد کی فراہمی مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹاؤن ریسکیو اسٹیشنز بھی قائم کیے گئے۔ ادارے نے روایتی ایمبولینس سروس کے ساتھ موٹر بائیک ایمبولینس سروس اور پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے بھی اپنی خدمات کو وسعت دی۔ اسی طرح فائر بریگیڈ، ہیلتھ ایمبولینس سروس اور سول ڈیفنس کی واٹر بوٹ سروس کو ریسکیو 1122 کے نظام میں شامل کیے جانے سے ہنگامی حالات، طبی ضروریات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوا۔








