پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، اس میں کوئی غفلت برداشت نہیں ہوگی ،کمشنر پشین ڈویژن قائم خان لاشاری

کمشنر پشین ڈویژن قائم خان لاشاری نے ضلع چمن کا تفصیلی دورہ کیا۔ بطور کمشنر پشین ڈویژن ان کا ضلع چمن کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا

کوئٹہ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر پشین ڈویژن قائم خان لاشاری نے ضلع چمن کا تفصیلی دورہ کیا۔ بطور کمشنر پشین ڈویژن ان کا ضلع چمن کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی بھی موجود تھے۔کمشنر پشین ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر آفس چمن میں ضلعی افسران کے ساتھ تعارفی اور جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع چمن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور عوامی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور دفاتر میں عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اس کے بعدکمشنر قائم خان لاشاری نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ پولیو کے خاتمے سے متعلق خصوصی اجلاس بھی کیا۔ اجلاس میں پولیو مہم، انکار کیسز اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، اس میں کوئی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو مل کر مہم کو کامیاب بنانے کی ہدایت کی۔

بعد میں کمشنر پشین ڈویژن نے اولڈ ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں کی حاضری اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتالوں میں موجود مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کمشنر کو ضلع چمن کے مسائل اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔آخر میں کمشنر پشین ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ چمن کی کارکردگی کو سراہا۔