وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم، ہنر مندی اور معاشی مواقع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار معاشی ترقی اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے
خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار معاشی ترقی اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے، اورنگزیب کچھی

مزید خبریں
پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم، ہنر مندی اور معاشی مواقع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار معاشی ترقی اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔وہ منگل کو پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی (ایس بی بی ڈبلیو یو) پشاور کے مشترکہ زیر اہتمام ’’دخترانِ پاکستان کی سماجی و معاشی خودمختاری‘‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں اور ملک کی ثقافتی، سماجی اور معاشی ترقی میں ان کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔
سیمینار میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، ارکان صوبائی اسمبلی، گورنر خیبر پختونخوا کے مشیران، وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔اورنگزیب کچھی نے کہا کہ خواتین پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے، روایتی فنون، دستکاری اور تخلیقی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کی صلاحیتوں کو تسلیم کرنے اور انہیں ایسے پلیٹ فارمز، وسائل اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے پر زور دیا تاکہ وہ اپنے ثقافتی علم اور صلاحیتوں کو پائیدار معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کر سکیں۔ انہوں نے بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں کی خواتین کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، منڈیوں اور مالی مواقع تک زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو تعلیم کے ساتھ ساتھ قابلِ فروخت ہنر سے بھی آراستہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشی طور پر بااختیار بن سکیں اور معاشرے اور قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں تعلیم، ہنرمندی اور بامقصد معاشی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خواتین کی تیار کردہ دستکاری اور دیگر مصنوعات کے لیے وسیع تر منڈی تک رسائی فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اورنگزیب کچھی نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے نوجوانوں اور جامعات کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کی جانب سے خواتین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے کردار کو سراہا اور خواتین کے لیے تعلیمی مواقع کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے سرکاری شعبے کی جامعات میں پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کی تجویز دیتے ہوئے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، لوک ورثہ اور شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تجویز دی تاکہ تینوں ادارے اپنی مہارت اور وسائل سے استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں تاریخی مقامات اور قومی ورثے کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ثقافت، سیاحت اور آثارِ قدیمہ کے شعبوں میں مرکز اور صوبے کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ اورنگزیب کچھی نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کا ایک آثارِ قدیمہ کا مقام آئندہ سال یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں، بالخصوص نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم یوتھ کروم بک پروگرام کے تحت ملک بھر کے طلبہ کو تقریباً ڈھائی لاکھ کروم بکس فراہم کیے جائیں گے تاکہ ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کروم بک پروگرام دو ہفتوں کے اندر شروع کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد صوبے کے باصلاحیت طلبہ میں کروم بکس تقسیم کریں گے۔ رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو سیاسی وابستگی یا ذاتی سفارش کے بجائے میرٹ، صلاحیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر کے نوجوانوں، خصوصاً باصلاحیت نوجوان خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کیونکہ انہیں صرف مناسب مواقع اور ادارہ جاتی معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہیں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت خواتین کی کم از کم 35 فیصد شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے ذریعے بھی خواتین کو سہولت فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو رسمی تعلیم کے ساتھ تکنیکی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر پر مبنی شعبوں میں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو معروف اسٹارٹ اپس اور تعلیمی مراکز سے منسلک کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے تاکہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں اور روزگار و کاروبار کے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے دستیاب مواقع میں موجود خلا کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبے صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر شروع کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کو مکمل طور پر میرٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا سیاسی وابستگی سے کوئی تعلق نہیں اور خیبر پختونخوا کے مستحق طلبہ بھی اس پروگرام سے مستفید ہوئے ہیں۔ رانا مشہود نے کہاکہ پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، انہیں صرف مواقع کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ لڑکیاں اکثر ان سے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی درخواست کرتی رہی ہیں اور نوجوان خواتین کے لیے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنا انتہائی اہم ہے۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں معیاری تعلیمی اداروں اور سازگار تعلیمی ماحول تک رسائی حاصل ہونا ان کے لیے خوش قسمتی ہے۔
رانا مشہود نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم یوتھ ڈیجیٹل ہب سے منسلک ہوں تاکہ میرٹ کی بنیاد پر ہنرمندی اور روزگار کے مواقع سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر کے بچوں کو وظائف فراہم کرنے کے لیے پاکستان ایجوکیشن فنڈ بھی قائم کیا ہے جبکہ بہتر انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور طلبہ کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے فروغ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کامیابی انہی لوگوں کا مقدر بنتی ہے جو اخلاص اور نظم و ضبط کے ساتھ محنت کرتے ہیں۔ خود پر یقین رکھیں کیونکہ خود اعتمادی ترقی اور کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے۔انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ واضح اہداف مقرر کریں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لڑکیاں دنیا کے کسی بھی ملک کی لڑکیوں سے کم باصلاحیت نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لڑکیاں معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ اثاثہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ہنر حاصل کریں اور حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے وسائل اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ رانا مشہود نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صوبائی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر سوچیں کیونکہ تمام پاکستانی ایک مشترکہ قومی شناخت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب ہم بیرون ملک سفر کرتے ہیں تو ہماری شناخت پاکستان ہوتی ہے۔ وہاں کوئی صوبہ یا نسلی گروہ ہماری شناخت نہیں بنتا۔ پاکستان ہمارا ملک اور ہماری عزت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے معرکہ حق کے دوران اپنی طاقت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالمی امور میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عالمی برادری میں بھی نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے تمام پاکستانیوں کو مل کر بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ اس موقع پر اورنگزیب کچھی اور رانا مشہود نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔قبل ازیں وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران نے یونیورسٹی آمد پر معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔








