ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان غیرقانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دیا جانا چاہئے
مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے،سیدال خان ناصر

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان غیرقانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دیا جانا چاہئے۔یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کا دن کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی طویل جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، بھارت نے 1947 میں جموں و کشمیر پر قبضے کے بعد سے کشمیری عوام کو مشکلات اور مصائب سے دوچار کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی، انصاف اور بنیادی حقوق کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے عملی اقدامات کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس دیرینہ تنازعہ کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گایہاں تک کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا آزادانہ استعمال کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔








