وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے علی پور فراش میں ٹینٹ سکول کا افتتاح کر دیا، بچوں میں کتابیں اور سکول بیگز تقسیم

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے علی پور فراش میں ٹینٹ سکول کا افتتاح کر دیا جس کا مقصد سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ہے

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے علی پور فراش میں ٹینٹ سکول کا افتتاح کر دیا جس کا مقصد سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ہے، اس موقع پر بچوں میں کتابیں اور سکول بیگ بھی تقسیم کیے گئے۔ یہ اقدام وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، قومی کمیشن برائے انسانی ترقی، بنیادی تعلیم کے کمیونٹی سکولز اور قومی تعلیمی فائونڈیشن کے اشتراک سے عمل میں لایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور کسی بچے کو اس سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانا ہمارا مشن ہے، اس مقصد کے لیے یونیورسٹی اپنے شراکت دار اداروں کے تعاون سے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینٹ سکول کا قیام ان بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے جو مختلف وجوہات کی بناء پر سکول نہیں جا پا رہے۔ ایسے اقدامات سے پسماندہ علاقوں کے بچوں کو تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی اور ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے ڈائریکٹر جنرل علی اصغر نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کو تعلیم فراہم کرنا ایک اہم قومی ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

جائیکا کے نمائندے محمد بلال عزیز نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ جائیکا تعلیمی شعبے میں بہتری اور سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ تقریب میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، جائیکا، قومی کمیشن برائے انسانی ترقی، بنیادی تعلیم کے کمیونٹی سکولز، قومی تعلیمی فائونڈیشن اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں