گورنر سندھ سے صنعتکاروں، ڈی جی نیفٹیک سندھ اور پی ایم یوتھ پروگرام کے کوآرڈینیٹرکی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے مختلف صنعتی و کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں، ڈی جی نیفٹیک سندھ اور وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے سندھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اوربلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے، مقامی صنعتوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ملازمتوں کے حصول میں معاونت کے اقدامات پر تبادلہ خیال …

کراچی۔ 07 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے مختلف صنعتی و کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں، ڈی جی نیفٹیک سندھ اور وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے سندھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اوربلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے، مقامی صنعتوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ملازمتوں کے حصول میں معاونت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ڈی جی نیفٹیک سندھ نے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی، مقامی صنعتوں میں روزگار سے منسلک کرنے اور بیرون ملک ملازمتوں کے حصول کے لیے جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔گورنر سندھ نے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے وزیر اعظم کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرکے باعزت روزگار فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنا کر قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا اور نوجوانوں کو روزگار سے منسلک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضمن میں صنعتکاروں کا تعائون نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان موثر اشتراک نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملکی معاشی ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ملاقات میں آٹوموبائل، تعمیرات، فرنیچر، فارماسیوٹیکل، پیکیجنگ، تعلیم اور بینکاری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں