پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے کا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور سوڈان نے دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے،معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سمرا مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت پاکستان اورسوڈان کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دونوں ممالک میں ویزا کے بغیر داخلے کی سہولت حاصل ہوگی۔ دونوں …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان اور سوڈان نے دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے،معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سمرا مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت پاکستان اورسوڈان کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دونوں ممالک میں ویزا کے بغیر داخلے کی سہولت حاصل ہوگی۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس معاہدے کو دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معاہدے سے اعلیٰ سطح کے روابط اور سرکاری وفود کے تبادلوں میں مزید سہولت ملے گی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔سوڈان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سوڈان کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں سوڈان کے وزیر داخلہ نےوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیےمفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے پاکستان کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں امن اورتعمیر نو کی کوششوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے سوڈان میں 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور پانچ لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا سوڈان کے سول رجسٹریشن اقدامات میں مزید تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔سوڈانی وزیر داخلہ کی درخواست پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والی سوڈانی خواتین کو درپیش ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے، جبکہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں اور صحت کے شعبے میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ،چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں