وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی روابط، تجارتی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پاکستان ٹورازم …
پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بین الاقوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دے رہے ہیں، سردار یاسر الیاس خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی روابط، تجارتی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں میں متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی برادری کی شمولیت ضروری ہے۔ حالیہ تقریب میں مختلف سفارتی مشنز کے علاوہ سری لنکا سے کاروباری وفد اور سارک چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جبکہ نیپال سمیت دیگر ممالک کی بین الاقوامی برادری کو بھی تقریب میں تقریباً 20 اسٹالز فراہم کیے گئے ہیں۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں کے ساتھ مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اسلام آباد میں خوش آمدید کے نام سے نئی فاسٹ سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
انہوں نے تقریب کے انعقاد میں معاونت پر میڈیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،اسلام آباد انتظامیہ، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سرکاری اداروں کی معاونت سے اس ایونٹ کو ممکن بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک آغاز ہے اور آئندہ اسی نوعیت کی تقریبات ملک کے تمام صوبوں میں منعقد کی جائیں گی۔ اس تقریب میں تمام صوبوں نے شرکت کرکے اپنے علاقائی ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر متعارف کرانا چاہتے ہیں تاکہ بین الاقوامی سیاح، اوورسیز پاکستانی اور غیر ملکی شہری پاکستان میں موجود سیاحتی مواقع اور بین الاقوامی معیار کی سرگرمیوں سے آگاہ ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیا کے تعاون سےمستقبل میں بھی اس نوعیت کی مزید تقریبات منعقد کی جائیں گی۔







