اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے دیوالی کے پر مسرت موقع پر ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ملک بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔قومی اسمبلی میڈیا ڈائریکٹوریٹ جنرل کی جانب سے جاری پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ دیوالی ہندو برادری کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے، جو روشنی، خوشی اور مسرت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ہندو برادری کے لیے خوشیوں اور اپنی مذہبی روایات کے اظہار کا اہم موقع ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، تہذیبوں اور ثقافتوں حسین گلدستہ ہے، جہاں ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے، عبادات اور مذہبی رسومات ادا کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے ہندو اراکین پارلیمنٹ کی پارلیمان میں فعال شرکت اور قانون سازی کے عمل میں ان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کا ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار قابل تحسین ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کو مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ دیوالی کا تہوار ہندو برادری کے لیے خوشیوں، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے اور ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید فروغ ملے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں ہندو اراکین پارلیمنٹ اور ملک بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ پارلیمان میں عوام کی نمائندگی اور قانون سازی کے عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پارلیمانی خدمات جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں اہمیت رکھتی ہیں۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ہندو برادری کی ملکی معیشت، تعلیم، صحت، تجارت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ایک پرامن اور متحد معاشرے کے لیے ضروری ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیوالی کا تہوار ہندو برادری کے لیے خوشیوں، امن اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ ملک کی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔

مزید خبریں