اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار، ہیڈ کوچ محمد حبیب پُراعتماد

اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار، ہیڈ کوچ محمد حبیب پُراعتماد

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد حبیب نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے بھرپور تیاری کر چکی ہے اور کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔لاوس کے شہر ویانتیان میں جاری ایونٹ کے گروپ ڈی میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز اتوار کو سری لنکا کے خلاف میچ سے کرے گا۔ ہیڈ کوچ محمد حبیب نے پری ٹورنامنٹ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم نےمتعدد سخت تربیتی سیشنز میں حصہ لیا ہے اور کھلاڑیوں کی تیاری تسلی بخش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ ایران اور اردن جیسی مضبوط ایشیائی ٹیموں کے چیلنج کے باوجود پاکستانی کھلاڑی پُراعتماد ہیں۔محمد حبیب نے بتایا کہ ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں جو اس سطح پر اچھی کارکردگی دکھانے اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لیے پُرجوش ہیں۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب حالیہ نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 11 نومبر کو ایران کے خلاف کھیلے گا، جس کے تین روز بعد میزبان لاوس سے مقابلہ ہوگا۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ پاکستان اور لاوس کے درمیان 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔گروپ ڈی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم آئندہ سال ازبکستان میں ہونے والے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کے فائنلز کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

مزید خبریں