آئی ٹی ٹی ایف مکسڈ ٹیم ورلڈ کپ، چین کا 8 رکنی سکواڈ کا اعلان ، وانگ چوچن اور سن ینگشا بھی شامل

آئی ٹی ٹی ایف مکسڈ ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے لیے چین نے اپنے 8 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں وانگ چوقن، وانگ مانیو اور سن ینگشا اہم کھلاڑیوں کے طور پر شامل ہیں

بیجنگ۔10نومبر (اے پی پی):آئی ٹی ٹی ایف مکسڈ ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے لیے چین نے اپنے 8 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں وانگ چوقن، وانگ مانیو اور سن ینگشا اہم کھلاڑیوں کے طور پر شامل ہیں۔ شنہوا کے مطابق سکواڈ میں شامل دیگر 5 کھلاڑیوں میں لن شیڈونگ، ہوانگ یوزینگ، ژو چی ہاؤ، کوئی مان اور چن ای شامل ہیں۔وانگ چوقن، لن شیڈونگ، وانگ مانیو اور سن ینگشا نے مردوں اور خواتین کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ 2 پوزیشنز رکھنے کی بنیاد پر سکواڈ میں جگہ بنائی ہے جبکہ ہوانگ اور کوئی مان کو ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز ایونٹس میں بہترین رینکنگ کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چینی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن نے ژو چی ہاؤ اور چن ای کا انتخاب ڈبلیو ٹی ٹی چائنا سمیچ 2026، ایشین چیمپئن شپ، ڈبلیو ٹی ٹی چیمپئنز مونٹ پیلیئر اور ڈبلیو ٹی ٹی چیمپئنز فرینکفرٹ میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔آئی ٹی ٹی ایف مکسڈ ٹیم ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 29 نومبر سے 6 دسمبر تک چین کے صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگدو میں ہو گا۔ واضح رہے کہ چین 2023 سے 2025 کے درمیان منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے تمام گزشتہ 3 ایڈیشنز جیت چکا ہےاور رواں ایڈیشن میں بھی اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا۔