پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی آفت کا مقابلہ کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا، مخالفین بلاجواز تنقید کرنے کے بجائے ہم سے عوام کی خدمت کرنا سیکھیں، سندھ کی عوامی حکومت نے 21 لاکھ گھر بنانے کے منصوبے میں سے 10 لاکھ گھر بنا کر بھی ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔میڈیا …
معاشی آفت کا مقابلہ کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا،بلاول بھٹو زرداری

مزید خبریں
کراچی ۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی آفت کا مقابلہ کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا، مخالفین بلاجواز تنقید کرنے کے بجائے ہم سے عوام کی خدمت کرنا سیکھیں، سندھ کی عوامی حکومت نے 21 لاکھ گھر بنانے کے منصوبے میں سے 10 لاکھ گھر بنا کر بھی ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سال 2022ء کے سیلاب متاثرین کیلئے حکومتِ سندھ کے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے فلیگ شپ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کا سنگِ میل عبور کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کرکے دکھا دیا ہے۔ انہوں نے ایس پی ایچ ایف کی بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عوامی حکومت نے 21 لاکھ گھر بنانے کے منصوبے میں سے 10 لاکھ گھر بنا کر بھی ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، جو پہلے حکومتِ نیپال کے پاس تھا، جس نے 7 لاکھ گھر تعمیر کیے تھے۔ تو حکومتِ سندھ نے اب تک 10 لاکھ گھر بنائے ہیں، اور انشا اللہ جب یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا، تو ہم 21 لاکھ گھر بنائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جب 21 لاکھ گھر بنانے کے منصوبے کا آغاز کیا تھا، تو اس وقت ملک ایک بہت بڑی قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا سامنا کر رہا تھا، اور آج جب یہ پروجیکٹ اپنا ایک اہم سنگ میل عبور کر رہا ہے تو پاکستان سمیت پوری دنیا ایک ’’معاشی آفت‘‘ کی لپیٹ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے صوبہ سندھ کے غریب عوام کو موجودہ معاشی بحران، ریکارڈ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے حالات میں ایک معاشی تحفظ بھی مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ صوبائی حکومت کا ہر اقدام کا مقصد عوام تک ریلیف پہنچانا اور ان کے کندھوں سے معاشی بوجھ کو کم کرنا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ روٹی کپڑا اور مکان پیپلز پارٹی کا منشور ہے، جسے سیلاب زدہ خاندانوں کے لیے گھر بنانے کے دوران بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ گھر بنانے کے دوران 10 لاکھ روزگار کے ذرائع بھی پیدا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ صرف گھر تعمیر کرنے کا نہیں، بلکہ لینڈ ٹرانسفر کا منصوبہ بھی ہے۔ تو جن کے پاس گھر نہیں تھا، ان کو پکا گھر بنا کے دیا، جن کے پاس اپنی زمین کے مالکانہ حقوق نہیں تھے ان کو مالکانہ حقوق دلوایا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 21 لاکھ سیلاب متاثرین خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں نمایاں کارکردگی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جب اس کام کا آغاز کیا گیا تھا تو بہت سارے لوگوں کو یقین نہیں تھا کہ یہ ممکن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے 2022ء میں جب سیلابی بارشیں شروع ہوئی تھیں، تو وہ اس وقت لاڑکانہ میں تھے اور ان کی نظروں کے سامنے بارش ہوتے ہوئے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، اور ایسے لگ رہا تھا کہ میں سمندر کے اوپر سے گزر رہا ہوں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ بطور وزیر خارجہ انہوں نے سندھ سمیت چاروں صوبوں کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے فنانسنگ کا بندوبست کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل آنے والے سیلابوں اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے سندھ کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں تعلیم کا شعبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سیلاب میں سندھ کے 50 فیصد اسکول بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں نے اس طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کیا ۔ ہم پر تنقید کرنے والے ہم سے عوام کی خدمت کرنا سیکھیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاری معاشی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے، ملکی سیاست کو ضرور ریسیٹ کرنا پڑے گا۔ مگر اس ریسیٹ کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ لڑنے کی بجائے ساتھ مل کر کام کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ساتھ مل کر معاشی بحران کا سامنا نہیں کریں گے، ہم اپنے عوام کو اس مشکل سے نہیں بچا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملکی سطح پر ایسے حالات پیدا ہوں، تب تک سندھ کی عوامی حکومت اپنے محدود وسائل سے بے گھر لوگوں کے لیے گھر تعمیر اور بے زمین عورتوں کو زمین کا مالک بنانے جیسے اقدامات کرتی رہے گی۔ تقریب میں سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، سفارتی، سماجی اور کاروباری شخصیات موجود تھیں۔








