پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (پی ایم آئی ایف-26) 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (پی ایم آئی ایف-26) 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر سے سرمایہ کار، بین الاقوامی کان کنی کی سرکردہ کمپنیاں، مالیاتی ادارے، تکنیکی ماہرین اور اعلیٰ حکومتی حکام شرکت کریں گے۔ فورم کا بنیادی مقصد پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر، بالخصوص تانبے، سونے اور دیگر اہم معدنیات کی عالمی سطح پر صلاحیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ …

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (پی ایم آئی ایف-26) 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر سے سرمایہ کار، بین الاقوامی کان کنی کی سرکردہ کمپنیاں، مالیاتی ادارے، تکنیکی ماہرین اور اعلیٰ حکومتی حکام شرکت کریں گے۔ فورم کا بنیادی مقصد پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر، بالخصوص تانبے، سونے اور دیگر اہم معدنیات کی عالمی سطح پر صلاحیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ معدنیات کی تلاش، نکالنے اور پراسیسنگ کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

ریکوڈک جیسے بڑے معدنی منصوبے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات اس شعبے کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔ فورم بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل اور کان کنی سے منسلک مختلف شعبوں میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا۔ یہ تقریب غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول، برآمدات میں اضافے، مقامی سطح پر معدنیات کی پراسیسنگ کے فروغ، صنعتی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور بالخصوص بلوچستان جیسے معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو تقویت دینے کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر سے استفادہ کرنے اور کان کنی کے شعبے میں طویل المدتی معاشی شراکت داری قائم کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

ملک کے قیمتی معدنی وسائل، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات عالمی کان کنی کی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کے اداروں کے لیے کاروباروی اداروں کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ تانبے اور دیگر اہم معدنیات کی عالمی طلب میں اضافے سے پاکستان کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے اور عالمی معدنیاتی سپلائی چین کا حصہ بننے کے امکانات روشن ہو رہے ہیں۔ اس شعبے کی ترقی سے معیشت میں تنوع آئے گا، زرمبادلہ کے حصول اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، ٹرانسپورٹ، توانائی اور انجینئرنگ سمیت متعلقہ صنعتوں کو فروغ ملے گا جبکہ انجینئرز، ماہرین ارضیات اور مقامی کاروباری اداروں کے لیے ہزاروں براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس طرح بلوچستان جیسے قدرتی وسائل سے مالا مال علاقوں میں علاقائی ترقی کو فروغ ملنے اور معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ فورم پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی مہارت سے منسلک کرتے ہوئے مقامی پراسیسنگ، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع کے ذریعے معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد دے گا۔ اس تقریب کا انعقاد اس امر کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو حقیقی قومی معاشی قوت میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے، جو خوشحال مستقبل کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع ہے۔