ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل عرصے تک کھیلنے اور محنت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنا خوش آئند ہے، محمد طحہ / ثاقب خان

ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل عرصے تک کھیلنے اور محنت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنا خوش آئند ہے، محمد طحہ / ثاقب خان

راولپنڈی ۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر محمد طحہ اور فاسٹ بائولر ثاقب خان نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل عرصے تک کھیلنے اور محنت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنا ان کے لیے خوش آئند ہے، دونوں کھلاڑیوں نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ پی سی بی کے پوڈکاسٹ پروگرام ’’سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد طحہ نے کہا کہ انہوں نے کلب کرکٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا، پاتھ وے کرکٹ کھیلی اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کی بھی نمائندگی کی۔

ٹیسٹ کرکٹ تک پہنچنے کے اپنے سفر پر وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کے لیے میدان میں اترتے وقت ان کے ذہن میں یہی تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جس انداز سے کھیلتے آئے ہیں، اسی تسلسل کو برقرار رکھیں۔ کریز پر وقت گزارنے کے ساتھ دباؤ کم ہوتا گیا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے انہیں طویل اننگز کھیلنے کی مہارت حاصل ہوئی ہے۔ کپتان بابر اعظم نے بھی بیٹنگ کے دوران ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ محمد طحہ نے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ فاسٹ باؤلر ثاقب خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کرکٹ کا آغاز ٹیپ بال سے کیا، بعد ازاں ہارڈ بال کرکٹ کھیلنے کے لیے اکیڈمی جوائن کی۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل اسپیلز کرنے سے انہیں باؤلنگ میں بہت تجربہ حاصل ہوا۔ قائداعظم ٹرافی 2025 میں کراچی بلوز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے 47 وکٹیں حاصل کیں۔ ثاقب خان نے کہا کہ اس وکٹ پر ہارڈ لینتھ پر باؤلنگ کرنے سے گیند کو موومنٹ مل رہی ہے، کوشش ہوگی کہ سری لنکا کی ٹیم کو پہلے سیشن میں آؤٹ کریں اور تیسرے روز بھی اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا فاسٹ باؤلر محمد عباس نے انہیں فاسٹ باؤلنگ کے حوالے سے بہت کچھ سکھایا ہے۔ واضح رہے کہ ثاقب خان نے پہلی اننگز میں دو وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے سری لنکا کے تجربہ کار بیٹر دنیش چندی مل کو ایک رن جبکہ اوپنر لاہیرو ادارا کو 42 رنز پر آؤٹ کیا۔