پاکستان نے جنوبی سوڈان میں 22 دسمبر کو ہونے والے پہلے عام انتخابات سے قبل 2018ء کے بحال شدہ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ سے متاثرہ ملک میں پُرامن سیاسی انتقال اور دیرپا استحکام کے لیے یہ معاہدہ واحد قابل عمل فریم ورک ہے
جنوبی سوڈان میں تاریخی انتخابات سے قبل 2018ء کے امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے، پاکستان کا سلامتی کونسل میں زور

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی سوڈان میں 22 دسمبر کو ہونے والے پہلے عام انتخابات سے قبل 2018ء کے بحال شدہ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ سے متاثرہ ملک میں پُرامن سیاسی انتقال اور دیرپا استحکام کے لیے یہ معاہدہ واحد قابل عمل فریم ورک ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے جنوبی سوڈان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات امن عمل میں ایک اہم سنگ میل ہوں گے، تاہم یہ اس عمل کا اختتام نہیں، طویل المدتی استحکام اور قومی مفاہمت کے لیے امن معاہدے پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عبوری انتظامات میں حالیہ تبدیلیوں، بشمول قومی وحدت کی حکومت کی تحلیل اور نگران انتظامیہ کے قیام نے امن معاہدے کی بنیاد بننے والے سیاسی اتفاق رائے کو مزید کمزور کیا ہے۔پاکستانی مندوب نے جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن (یو این ایم آئی ایس ایس) کی جانب سے شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی، پیشگی انتباہ، مقامی سطح پر ثالثی اور سیاسی استحکام کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشن کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کے لیے ضروری افرادی قوت اور وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے امن مشن کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی سوڈان کی حکومت پر زور دیا کہ وہ یہ پابندیاں ختم کرے۔ انہوں نے 24 اگست کو جونگلئی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے گشتی دستے پر حملے کی بھی شدید مذمت کی، جس میں ایتھوپیا کے امن اہلکار ہلاک اور اقوام متحدہ کے دیگر اہلکار زخمی ہوئے تھے۔سفیر حیدر شاہ نے کہا کہ پائیدار استحکام فوجی تصادم یا سخت گیر اقدامات کے بجائے مذاکرات، مفاہمت، امن معاہدے پر عملدرآمد اور علاقائی تعاون کے فروغ سے ممکن ہے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن کی خصوصی نمائندہ انیتا کیکی گبیہو نے خبردار کیا کہ 22 دسمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل ملک ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور سیاسی اتفاق رائے کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی تیاریوں میں پیش رفت کے باوجود سکیورٹی انتظامات، لاجسٹک مسائل اور اپوزیشن رہنما ریک مچار کی رہائی کا مطالبہ بدستور حل طلب ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سیاسی مذاکرات کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ ملک کی لیکس اور وراپ ریاستوں میں حالیہ جھڑپوں کے دوران 140 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اس سال شہریوں کی ہلاکتوں میں 60 فیصد سے زیادہ واقعات فرقہ وارانہ تشدد سے منسلک ہیں۔اقوام متحدہ کی عہدیدار کے مطابق جنوبی سوڈان میں تقریباً ایک کروڑ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے، جبکہ 75 لاکھ افراد کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ انسانی امداد کی فراہمی پر پابندیوں میں بھی 38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے فوری طور پر لڑائی کے خاتمے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، امن اہلکاروں کی آزادانہ نقل و حرکت اور جامع سیاسی مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا اصل معیار یہ ہے کہ جنوبی سوڈان کے شہری آنے والے کل میں آج کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہوں۔







