چین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہان ژینگ کی انتونیو گوتریش سے ملاقات

چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے کہ چین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے واضح اہداف کے تعین اور ان پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور عالمی ماحولیاتی نظم و نسق میں استحکام اور تسلسل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

انطالیہ۔11نومبر (اے پی پی):چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے کہ چین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے واضح اہداف کے تعین اور ان پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور عالمی ماحولیاتی نظم و نسق میں استحکام اور تسلسل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔شنہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے ہان ژینگ نےانطالیہ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے 31ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ملاقات میں انہوں نے چینی صدر کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ چین موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ چین نے 2030 تک بجلی کی پیداوار میں غیر فوسل توانائی کا حصہ 50 فیصد اور حتمی توانائی کے استعمال میں بجلی کا تناسب 35 فیصد تک بڑھانے کے اہداف مقرر کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی اور پیرس معاہدے پر مکمل عملدرآمد، ترقی پذیر ممالک کے درمیان موسمیاتی تعاون کے فروغ اور عالمی سطح پر قبل از وقت انتباہی نظام کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ہان ژینگ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی اہداف کے حصول میں مالی وسائل کی کمی، ٹیکنالوجی کے فقدان اور استعداد کار کے مسائل کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔اس موقع پر انتونیو گوتریس نے چین کو کثیرالجہتی نظام کا اہم ستون اور اقوام متحدہ کا کلیدی معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اپنے وعدوں سے بڑھ کر عملی اقدامات کیے ہیں۔ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں عالمی رہنما کی حیثیت سے چین نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ اور چین کے درمیان تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے رجحان کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔