اسلام آباد میں وی ایکس آر فیسٹیول کا آغاز، 70 سے زائد فنکاروں کے ڈیجیٹل فن پارے توجہ کا مرکز بن گئے

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں جمعہ کو ورچوئل اینڈ ایکسٹینڈڈ ریئلٹی (وی ایکس آر) فیسٹیول کا آغاز ہوگیا

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں جمعہ کو ورچوئل اینڈ ایکسٹینڈڈ ریئلٹی (وی ایکس آر) فیسٹیول کا آغاز ہوگیا، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے فنکاروں، فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح شام کے وقت پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پواریے نے کیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفارت کاروں، ثقافتی نمائندوں، فنکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایوب جمالی نے میزبان کی حیثیت سے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ فرانسیسی ثقافتی اتاشی زکریا حفار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فیسٹیول میں شریک افراد نے خصوصی ورچوئل ریئلٹی (وی آر) ہیڈ سیٹس کے ذریعے پاکستان اور بیرونِ ملک کے فنکاروں کے تخلیق کردہ جدید ڈیجیٹل اور تصوراتی ماحول کا مشاہدہ کیا۔ اسلام آباد میں فیسٹیول کا یہ ایڈیشن ’’بیٹوین دی پرامپٹس‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی نگرانی اور ترتیب فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نجم العصار نے دی ہے جبکہ سارہ راجپر شریک منتظم اور زینب عامر معاون منتظم کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نجم العصار نے کہا کہ عموماً توسیعی حقیقت کی ٹیکنالوجی ہمیں ایک تیار شدہ مصنوعات کی صورت میں دستیاب ہوتی ہے، جسے کہیں اور تخلیق کرکے یہاں فروخت کیا جاتا ہے۔ تاہم اس فیسٹیول کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ جب راولپنڈی، لاہور، پیرس، میڈرڈ اور برکلے کے فنکار خود اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنے تخلیقی اظہار کے لیے استعمال کرتے ہیں تو اس کے امکانات کس طرح تبدیل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق اس طرح ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹ محض استعمال اور تفریح کا ذریعہ نہیں رہتا بلکہ یادداشت، تنقیدی شعور اور تخلیقی تجربات کے اظہار کا ایک نیا پلیٹ فارم بن جاتا ہے۔ شریک منتظم سارہ راجپر نے کہا کہ فیسٹیول کے سفر میں ہر شہر اس کے تخلیقی اور انتظامی مکالمے کا حصہ بنتا ہے۔

پی این سی اے اسلام آباد میں اس ایڈیشن کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ یہاں کے شہری جدید اور عمیق فنون کو کسی بیرونی ملک سے درآمد شدہ تجربے کے بجائے ایک مشترکہ تخلیقی پلیٹ فارم کے طور پر دیکھیں، جہاں مقامی اور بین الاقوامی فنکار یادداشت، موجودگی اور اپنی شناخت و وابستگی جیسے اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کر سکیں۔ فیسٹیول میں 70 سے زائد فنکاروں کے فن پارے اور تخلیقی کام پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے فنکار ورچوئل اور ایکسٹینڈڈ ریئلٹی کے ذریعے فنونِ لطیفہ کے نئے امکانات متعارف کروا رہے ہیں۔ اس کا مقصد عوام کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی سے محض بطور صارف استفادہ کرنے کے بجائے تخلیقی اظہار، تنقیدی سوچ اور ثقافتی تبادلے کے عمل میں فعال طور پر شریک کرنا ہے۔فیسٹیول کا انعقاد لاہور ڈیجیٹل آرٹس فیسٹیول کی ٹیم نے اپنے بین الاقوامی ثقافتی شراکت داروں کے تعاون سے کیا ہے، جن میں فرانسیسی سفارت خانہ، ہسپانوی سفارت خانہ، انسٹی ٹیوٹ فرانسے اور ہسپانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون شامل ہیں۔ وی ایکس آر ایک سفری نوعیت کا فیسٹیول ہے، جس کا کوئی مستقل مقام نہیں۔ لاہور میں ایک ہفتے پر مشتمل پروگرام کے بعد اس کا اسلام آباد ایڈیشن منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اسلام آباد کے بعد یہ فیسٹیول کراچی منتقل ہوگا۔ فیسٹیول میں منعقدہ نمائشوں اور جدید ڈیجیٹل تجربات کے ذریعے یادداشت، شناخت، تخیل اور انسان و ٹیکنالوجی کے درمیان بدلتے ہوئے تعلق جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا جا رہا ہے جو نہ صرف فنکاروں بلکہ عام شہریوں کو بھی جدید ٹیکنالوجی اور فنونِ لطیفہ کے باہمی امتزاج کو سمجھنے اور اس سے استفادہ کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔

 

مزید خبریں