پرتگال کی قومی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ کی تنقید پر ردعمل

پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم کے منیجر جارج جیسس نے کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ ڈولوریس ایویرو کے اس دعوے پر اپنا ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کو پرتگالی کوچ نے دھوکہ دیا۔ ای ایس پی این کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے 5 نومبر کو بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے ساتھ ہی ان کے شاندار …

لزبن۔17نومبر (اے پی پی):پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم کے منیجر جارج جیسس نے کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ ڈولوریس ایویرو کے اس دعوے پر اپنا ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کو پرتگالی کوچ نے دھوکہ دیا۔ ای ایس پی این کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے 5 نومبر کو بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے ساتھ ہی ان کے شاندار انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ہوا جس میں انہوں نے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 234 میچز کھیلے اور 146 گول سکور کیے۔

تاہم ان کی ریٹائرمنٹ اس واقعے کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے بعد سامنے آئی جب ستمبر میں ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ میچ کی پلیئنگ الیون میں شامل نہ کیے جانے پر ٹیم کیمپ چھوڑ کر جانے کی پاداش میں ان پر 30 دن کی پابندی اور 215 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ کرسٹیانو رونالڈو کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد پرتگال نے ہفتے کو ڈنمارک کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا جس میں اسے ہوم گراؤنڈ پر 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پیر کوسپورٹنگ کی ایک تقریب میں شرکت کے دوران جب کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ ڈولوریس ایویرو سے ان کے بیٹے کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یقیناً وہ اداس تھے اور انہیں دھوکہ دیا گیا، جس پر وہ خود بھی افسردہ ہیں، تاہم ڈنمارک کے خلاف شکست پرتگال کے لیے بالکل جائز تھی اور انہیں اس پر خوشی ہوئی۔ منگل کو کارڈف میں ویلز کے خلاف پرتگال کے نیشنز لیگ میچ سے قبل جب جارج جیسس سے ایویرو کے بیانات پر ان کی رائے پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ کیا اب انہیں کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ کو بھی جواب دینا پڑے گا،

تاہم وہ ایک ایسی خاتون ہیں جن کا وہ دل سے بہت احترام کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے بچوں کی پرورش کے لیے بہت تکالیف برداشت کی ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کرسٹیانو رونالڈو کی انٹرنیشنل ریٹائرمنٹ سے متعلق بحث اب ختم ہو جائے گی تو جیسس نے مزید کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ سلسلہ کب رکے گا، اگر صحافی سوالات کریں گے تو انہیں جواب دینا پڑے گا اور اگر آئندہ سال بھی کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ تب بھی جواب دیں گے۔