عاقب جاوید کو پی سی بی کی جانب سے کرکٹ کی بہتری کے لیے مکمل اختیارات دینا خوش آئند اقدام ہے،کامران اکمل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ بورڈ

لاہور۔17نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کرکٹ کی بہتری کے لیے مکمل اختیارات دینا خوش آئند اقدام ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور وسائل اور تعاون فراہم کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے پی سی بی کے پوڈ کاسٹ پروگرام ’’سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولیات، انفراسٹرکچر اور بہتری کے اقدامات دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ اکیڈمی میں جس نوعیت کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان کی ضرورت کافی عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی۔

یہ کام آٹھ سے دس سال پہلے ہی ہو جانا چاہیے تھا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بروقت جدید تربیتی سہولیات میسر آ سکتیں تاہم اب ان اقدامات پر عملی پیش رفت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو جاتا ہے، جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے اور متعلقہ افراد کو کام کرنے کے لیے مکمل تعاون دیا۔ محسن نقوی نے عاقب جاوید کو کرکٹ کی بہتری کے لیے مکمل اختیارات دیے ہیں، جس سے انہیں منصوبہ بندی کے مطابق اقدامات کرنے اور کرکٹ کے نظام کو بہتر بنانے کا موقع ملا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے گراس روٹ لیول پر سرمایہ کاری انتہائی ضروری ہے۔ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کرکٹ کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے،نوجوان کھلاڑیوں کو کم عمری سے ہی جدید ماحول میں تربیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔

اس طرح کھلاڑی اپنی کرکٹ کی مہارت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی آگے بڑھ سکتے ہیں۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ کراچی، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہائی پرفارمنس سینٹرز کا قیام خوش آئند ہے۔ ان سینٹرز کے ذریعے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے شہروں میں جدید تربیتی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں معیاری کوچنگ کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو سال بھر کرکٹ کی تربیت اور تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملنا پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے پر مستقل سرمایہ کاری کے نتائج فوری طور پر تو شاید سامنے نہ آئیں تاہم طویل مدت میں اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اگر ملک بھر میں کرکٹ کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے، کوچنگ کے معیار کو بلند کیا جائے اور نوجوانوں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستان کو مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میسر آ سکتی ہے۔سابق وکٹ کیپر بیٹر نے سکول کرکٹ کے فروغ کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکول کرکٹ کا دائرہ ہر سال وسیع ہونا خوش آئند پیش رفت ہے،سکولوں کی سطح پر مقابلوں کے انعقاد سے بچوں میں کرکٹ کا شوق پیدا ہوتا ہے اور انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے سکول کرکٹ کے ساتھ ساتھ ملک میں کلب کرکٹ کو بھی دوبارہ مضبوط بنانا ہوگا کیونکہ کلب کرکٹ ہی وہ بنیادی پلیٹ فارم ہے جہاں سے کھلاڑیوں کو مقابلے کا تجربہ اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقع ملتا ہے۔کامران اکمل نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کی شرط کو بھی خوش آئند فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھلاڑیوں کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔

طویل دورانیے کی کرکٹ کھلاڑیوں کو مشکل حالات میں کھیلنے، دباؤ برداشت کرنے اور اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے اور بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں پر پورا اترنے کے لیے کھلاڑیوں کا ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل حصہ لینا ضروری ہے۔ ڈومیسٹک سطح پر اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی جب قومی ٹیم میں آتے ہیں تو انہیں مختلف حالات کا سامنا کرنے کا بہتر تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان میں باؤنس اور گھاس والی پچز کا استعمال ایک مثبت اقدام ہے،بین الاقوامی کرکٹ میں مختلف نوعیت کی پچز پر کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کو پہلے سے تیار کرنا ضروری ہے۔ باؤنس اور گھاس والی پچز پر کھیلنے سے بیٹرز اور بولرز دونوں کو اپنی صلاحیتوں میں بہتری لانے اور مختلف کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ہے،نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے اور ان پر اعتماد کرنے سے ٹیم کو طویل مدت میں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی مناسب تربیت، فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ اور جدید سہولیات پر توجہ برقرار رکھی جائے تاکہ پاکستان کرکٹ ایک مضبوط بنیاد پر آگے بڑھ سکے۔