مالی سال 2026ء میں معاشی استحکام برقرار رہا، زرمبادلہ ذخائر 18 ارب ڈالر کے ہدف سے تجاوز کر گئے، سٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ملک کے معاشی اشاریوں میں مضبوطی کا تسلسل برقرار رہا

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ملک کے معاشی اشاریوں میں مضبوطی کا تسلسل برقرار رہا، مہنگائی عالمی توانائی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وسط مدتی ہدف کی بالائی حد کے قریب رہی جبکہ جاری کھاتے کے معمولی خسارے اور حقیقی جی ڈی پی کی بہتر نمو کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر مالی سال کے اختتام پر مقررہ ہدف سے تجاوز کر گئے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ گورنر کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2025-26 کے مطابق اعداد و شمار پر مبنی زری پالیسی اور مالیاتی یکجائی کے تسلسل نے مون سون کے سیلاب، امریکی تجارتی ٹیرف سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور فروری 2026ء کے اواخر میں شروع ہونے والے مشرق وسطی تنازع سمیت مختلف بیرونی دھچکوں کے باوجود ملکی معاشی استحکام کو تقویت دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی نظام بھی مستحکم رہا اور بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اضافے سے مالی گہرائی مزید بڑھی۔گورنر کی سالانہ رپورٹ سٹیٹ بینک ایکٹ 1956 جنوری 2022ء تک ترمیم شدہ، کی شق 39(1) کے تحت جاری کی گئی ہے۔ اس شق کے تحت گورنر سٹیٹ بینک کے مقاصد، زری پالیسی کے طرز عمل، ملکی معیشت کی صورتحال اور مالی نظام سے متعلق سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے پابند ہیں۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2025ء سے فروری 2026ء کے دوران قومی صارف قیمت اشاریہ(این سی پی آئی)کے تحت اوسط مہنگائی 5.5 فیصد رہی تاہم مشرق وسطی تنازع کے آغاز کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث عمومی مہنگائی اپریل 2026ء میں ڈبل ڈیجٹ میں داخل ہو گئی۔

مارچ سے جون 2026ء کے دوران مہنگائی میں توانائی کے شعبے کا حصہ پہلے آٹھ ماہ کے مقابلے میں زیادہ رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گندم اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے باعث غذائی مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا، جو رسدی رکاوٹوں کی عکاسی کرتا ہے۔ مالی سال کے بیشتر حصے میں قوزی مہنگائی معتدل رہی تاہم اس کی سطح بلند تھی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹ خدمات تک منتقل ہونے کے بعد اس میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔زری پالیسی کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں سامنے آنے والی معاشی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے زری پالیسی کمیٹی نے دسمبر 2025ء تک پالیسی ریٹ برقرار رکھا تاہم دسمبر کے اجلاس میں اس میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی۔ یہ فیصلہ عمومی مہنگائی میں کمی، مہنگائی کی توقعات قابو میں رہنے، عالمی اجناس کی قیمتوں میں نرمی اور بیرونی کھاتے کی بہتر صورتحال کے پیش نظر کیا گیا جس سے معاشی سرگرمیوں کو سہارا دینے کی گنجائش پیدا ہوئی۔رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی تنازع کے باعث مہنگائی اور بیرونی شعبے کے منظرنامے میں بگاڑ پیدا ہونے پر اپریل 2026ء میں پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس اضافہ کیا گیا تاکہ مہنگائی کے دوسرے مرحلے کے اثرات محدود رکھنے اور مجموعی معاشی استحکام برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر بھی اسی نوعیت کے اقدامات دیکھنے میں آئے اور ترقی یافتہ، ابھرتی ہوئی اور ترقی پذیر معیشتوں کے بیشتر مرکزی بینکوں نے شرح سود میں کمی کا عمل روک دیا جبکہ بعض نے پالیسی ریٹ میں اضافہ کیا۔گورنر کی سالانہ رپورٹ میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کو بھی نمایاں پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2026ء کے اختتام پر سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 18 ارب ڈالر کے مقررہ ہدف سے تجاوز کر گئے۔ مالی سال کے دوران سٹیٹ بینک نے 8.1 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی خالص خریداری کی جبکہ اس کے فارورڈ اور سواپ واجبات میں 1.6 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، جو ذخائر کے معیار میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاری کھاتے کے معمولی خسارے کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، کیونکہ ترسیلات زر اور آئی سی ٹی برآمدات میں اضافے نے اشیاءِ تجارت کے بڑھتے ہوئے خسارے کے اثرات کو زائل کیا۔ کثیرالجہتی اور دوطرفہ ذرائع سے رقوم کی بہتر آمد اور بانڈز کے کامیاب اجرا سے ادائیگیوں کے مجموعی توازن میں بھی بہتری آئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر کی مستحکم صورتحال، مالیاتی یکجائی کے تسلسل اور آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت اور استحکام و پائیداری سہولت (آر ایس ایف) کے تحت جائزوں کی کامیاب تکمیل سے ملک کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور شرح مبادلہ کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی۔مالی نظام کے استحکام سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے اثاثوں کے معیار میں بہتری آئی اور مجموعی قرضوں میں غیر فعال قرضوں کا تناسب نمایاں طور پر کم ہوا۔ مائیکروفنانس بینکوں میں یہ تناسب معمولی بڑھا تاہم قرضوں کے ممکنہ نقصانات کے لیے مناسب انتظامات کے باعث اس کے اثرات محدود رہے۔رپورٹ کے مطابق بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کی سرمایہ کاری کی بنیاد مستحکم رہی اور ان کا شرح کفایتِ سرمایہ (سی اے آر) کم از کم ضوابطی تقاضوں سے نمایاں طور پر زیادہ تھا۔

اسلامی بینکاری شعبے نے بھی مالی سال 2026 کے دوران توسیع کا سلسلہ جاری رکھا، جسے سازگار ضوابطی ماحول سے تقویت ملی۔ اس ماحول نے بینکوں کو شریعت سے ہم آہنگ بینکاری کی جانب منتقلی اور اپنی شاخوں کے نیٹ ورک میں توسیع کی ترغیب دی تاکہ اسلامی مالیاتی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جا سکے۔ سٹیٹ بینک نے مالی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے متعدد اقدامات بھی کیے، جن میں مالی دباو کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بینکوں کی تیاری بہتر بنانے کی غرض سے جامع بحالی منصوبہ جاتی فریم ورک کا اجرا، لائسنس یافتہ ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان کے ساتھ بینکاری روابط آسان بنانے کے لیے ضوابطی ہدایات اور نظرثانی شدہ خطرہ قرض کے معیارات کے ذریعے بازل سوم کا مرحلہ وار نفاذ شامل ہیں۔رپورٹ میں حکومت کے معاشی پالیسی اہداف کی معاونت کے لیے سٹیٹ بینک کے اقدامات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔

مالی شمولیت کے فروغ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قومی مالی شمولیت حکمت عملی 2024-2028 کے تحت کم مالی خدمات کے حامل طبقات کی بینکاری اور دیگر مالی سہولتوں تک رسائی بڑھانے اور ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رکھی گئیں۔ان اقدامات میں 12 ڈیجیٹل ماڈل دیہات کا قیام، پاکستان کے پہلے مکمل ڈیجیٹل زرعی قرضہ پلیٹ فارم زرخیز-ای-آسان ڈیجیٹل زرعی قرضہ کا اجرا، نوجوانوں کو آزادانہ طور پر اپنے بینک اکائونٹس اور ڈیجیٹل والٹس کھولنے اور چلانے کی اجازت دینے کے لیے فریم ورک کا اجرا ، پاکستان مالی شمولیت انڈیکس کی تیاری و اشاعت اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے پاکستان گرین ٹیکسانومی کا اجرا شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان مالی شمولیت انڈیکس کے ذریعے مالی شمولیت کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے پیش رفت کو جانچنے میں مدد ملے گی جبکہ گرین ٹیکسانومی پائیدار اور ماحول دوست معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی ۔

 

مزید خبریں