ایشیائی ترقیاتی بینک نے وفاقی پنشن نظام میں اصلاحات کے لئے 50 کروڑ ڈالر قرضہ کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات اور اس کی مالی پائیداری بہتر بنانے کے لئے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات اور اس کی مالی پائیداری بہتر بنانے کے لئے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ۔ بینک کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق نتائج پر مبنی یہ قرض پاکستان کے وفاقی پنشن نظام میں اصلاحات کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد میں معاونت فراہم کرے گا،ان اصلاحات کا بنیادی مقصد پنشن کے بڑھتے ہوئے مالی دبائو کو محدود کرنا، نظام کو پائیدار بنانا اور ترقیاتی منصوبوں اور سماجی شعبوں پر اخراجات کے لئے مالی گنجائش پیدا کرنا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات میں مالی سال 2016 کے بعد سے تقریباً پانچ گنا اضافہ ہو چکا ہے اور اب یہ سالانہ ایک ٹریلین روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ملک کا روایتی پنشن نظام غیر فنڈڈ اور غیر شراکتی متعین فوائد پر مبنی ہے جس کے تحت پنشن کی ادائیگیاں مکمل طور پر سالانہ بجٹ سے کی جاتی ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ پنشن واجبات میں اضافے کے باعث سرکاری مالی وسائل پر دباو بڑھ رہا ہے۔ پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فن نے بتایا کہ پاکستان نے وفاقی پنشن نظام کو مستحکم بنانے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں اور یہ پروگرام ان اصلاحات کو برقرار رکھنے اور ادارہ جاتی سطح پر مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی کی معاونت سے اداروں کو مضبوط بنانے، شفافیت بہتر کرنے اور پنشن نظام کو زیادہ پائیدار بنانے کے ذریعے دیرپا نتائج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی کی مالی معاونت حکومت پاکستان کے پنشن اصلاحات کے نفاذ کے منصوبے کے پہلے مرحلے اور متعین شراکت پر مبنی پنشن نظام کی جانب منتقلی کے لئے استعمال ہوگی۔ نئے نظام میں جولائی 2024 سے وفاقی حکومت میں بھرتی ہونے والے سول ملازمین کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ قرض کے تحت پنشن کے انتظامی نظام کو بہتر بنانے، پنشن واجبات میں کمی لانے، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مالیاتی شفافیت بڑھانے اور پنشن سے متعلق خدمات کی فراہمی کو موثر بنانے میں مدد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پنشن سے مستفید ہونے والے افراد میں مالیاتی امور سے متعلق آگاہی بڑھانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ ان اصلاحات سے وفاقی پنشن نظام کے مالیاتی بوجھ کو منظم کرنے اور حکومتی وسائل کو ترقیاتی ضروریات اور سماجی شعبوں پر خرچ کرنے کے لئے مزید گنجائش پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

 

مزید خبریں