اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا جائزہ جاری ہے، ایکسپریس وے توسیعی منصوبہ 2 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، اسلام آباد کی شجرکاری میں 28 فیصد ریکارڈاضافہ ہوا ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں توسیع کی فی الحال کوئی بات میرے علم میں نہیں ہے

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں توسیع کی فی الحال کوئی بات میرے علم میں نہیں ہے تاہم وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے، ایکسپریس وے توسیعی منصوبے کو آئندہ 60 دنوںمیں مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سپارکو کی تازہ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں شجرکاری میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے،ڈی آئی جی کے گھر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تفتیش میں پولیس کسی دبائو یا لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔اسلام آباد ایکسپریس وے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہر کے ماسٹر پلان کا ریویو کر کے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کہاں کہاں کن سہولیات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سپارکو کی رپورٹ آ گئی ہے جس کے مطابق یکم جنوری 2025ء سے اب تک گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اسلام آباد میں شجرکاری میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اب ان علاقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جہاں درختوں کی تعداد کم ہے، ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ’’نیو بلیو ایریا‘‘ اور بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے قانونی پہلوئوں پر کام جاری ہے اور مکمل ورکنگ کے بعد ہی اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ایکسپریس وے توسیعی منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 30 اکتوبر کو سوئی گیس کی پائپ لائنز منتقل ہونے کے بعد اب کام پوری رفتار سے جاری ہے، اگرچہ اس منصوبے کو آئندہ سال جون میں مکمل ہونا تھا، لیکن حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ اسے 60 دنوں تک مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کو موٹروے کی طرز پر سگنل فری بنایا جا رہا ہے جس سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوگا اور ملحقہ آبادیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ کورال سے آگے اس سڑک کو مزید کتنے کلومیٹر بڑھانا ہے، اس کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کر لیا جائے گا۔شہر میں امن و امان اور ڈی آئی جی محمد بن اشرف کے گھر پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ اس معاملے پر یقیناً بہت زیادہ دبائو تھا اور کئی پیچیدگیاں بھی موجود تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ متوفیہ کے والد ابتدا میں ایف آئی آر درج کرانے پر آمادہ نہیں تھے لیکن بعد میں انہوں نے مقدمہ درج کرایا۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ وہ خود اس کیس کی نگرانی کر رہے ہیں، پولیس نے ایس ایس پی کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر کے بھرپور تفتیش کی ہے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں پولیس کی جانب سے ایک فیصد بھی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) دونوں اداروں کو وسائل اور افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایک دو روز میں این سی سی آئی اے کی پریزنٹیشن ہوگی جبکہ وزیراعظم نے خود اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی بنیادی ضروریات کو فوری طور پر پورا کیا جا سکے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عدالتی اسٹے آرڈرز پر چلنے والے غیر قانونی لاری اڈوں کا معاملہ اب ریڈار پر آ گیا ہے اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سروس روڈ پر ریت بجری کے قبضوں کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ وہ علاقہ اسلام آباد کی حدود سے باہر ہے تاہم اس مسئلے کو بھی حل کر لیا جائے گا۔

مزید خبریں