وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے
معاشی استحکام کے ثمرات کو سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے فروغ میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے، خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے اصلاحات کا تسلسل، نجی شعبے کی شمولیت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔منگل کو چھٹی فیوچر آف ریٹیل کانفرنس سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مالیاتی استحکام، بیرونی شعبے کی بہتر صورتحال، اخراجات میں نظم و ضبط اور جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے مجموعی معاشی استحکام کی بحالی میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔انہوں نے مالیاتی خسارے میں کمی، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور محصولات کی وصولی بہتر بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2023-24 کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کی انتہائی کم سطح کے بعد ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو دوبارہ مستحکم کرنے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی کشیدگی، بین الاقوامی منڈیوں میں اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھائو اور بیرونی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان نے ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ معاشی بنیادوں میں بہتری نے اقتصادی بحالی اور ترقی کیلئے زیادہ مستحکم بنیاد فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے کے ساتھ پالیسی اصلاحات کا تسلسل سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے۔
وقت کے ساتھ ان اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع، گھریلو آمدنی و قوت خرید میں بہتری اور صارفین کی طلب بڑھانے میں مدد ملے گی۔ریٹیل کے شعبے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ ریٹیل کا شعبہ اب محض اشیاء کی خرید و فروخت کا مرکز نہیں رہا بلکہ یہ زرعی شعبے، صنعتی کارخانوں، مالیاتی اداروں اور صارفین کے درمیان معیشت کا ایک اہم رابطہ بن چکا ہے، ایک متحرک اور مسابقتی ریٹیل شعبہ سپلائی چین کو مضبوط بنانے، کاروبار کو وسعت دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ یہ ادارے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کی فراہمی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے ایکسس ٹو فنانس انیشی ایٹو کے تحت ایکسپورٹ فنانس سکیم میں خصوصی طور پر ایس ایم ای برآمد کنندگان کیلئے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ انہیں ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے اور عالمی منڈیوں میں اپنی برآمدی مسابقت بہتر بنانے کیلئے مخصوص مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔خرم شہزاد نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانا، کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینا اور ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں چھوٹے کاروباری ادارے اپنے کاروبار کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کرنے اور باضابطہ معیشت میں زیادہ موثر انداز میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا معاشی ایجنڈا مجموعی معاشی استحکام کو مستحکم بنانے کے ساتھ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی رفتار تیز کرنے، سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور اقتصادی ترقی میں نجی شعبے کو قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنانے پر مرکوز ہے۔مشیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے اگلے مرحلے میں معاشی استحکام کے ثمرات کو زیادہ سرمایہ کاری، مضبوط کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے وسیع مواقع اور عوام کی معاشی خوشحالی میں بہتری کی صورت میں منتقل کرنا ہوگا جس کیلئے اصلاحات کا تسلسل اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔







