وزیراعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر پنجاب جہانگیر خانزادہ نے گورنمنٹ ایلیمنٹری بوائز سکول میزائل چوک حضرو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کرکے ان کی تعلیمی سرگرمیوں، مسائل اور سہولیات کے حوالے سے گفتگو کی
حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے ، جہانگیر خانزادہ

مزید خبریں
حضرو 17 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر پنجاب جہانگیر خانزادہ نے گورنمنٹ ایلیمنٹری بوائز سکول میزائل چوک حضرو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کرکے ان کی تعلیمی سرگرمیوں، مسائل اور سہولیات کے حوالے سے گفتگو کی۔اس موقع پر جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور چھچھ کے طلبہ و طالبات کو تمام بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ چھچھ کا کوئی بھی بچہ تعلیم کی بنیادی سہولت سے محروم نہ رہے اور ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول میزائل چوک حضرو میں طلبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کمروں کی تعمیر سمیت دیگر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ سکولوں میں بہتر تعلیمی ماحول، بنیادی سہولیات اور طلبہ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ ان شاء اللہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں چھچھ بھر میں تعلیمی انقلاب برپا کریں گے اور علاقے کے ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے سکول انتظامیہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نئی نسل ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔
دورے کے موقع پر احمد تاج خانزادہ، ملک انصار احمد، نعمان جیلانی حضرو سمیت محکمہ تعلیم کے افسران میاں تقی شاہ، خالد محمود، عبیدالنصیر، سکول کے پرنسپل، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔







