راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ 107 کیسز رپورٹ ہوئے، ڈی ایچ او

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر حافظ محمد جواد زاہد نے کہا ہے کہ ضلع میں رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ موثر مچھر نگرانی، لاروا تلفی اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کے باعث ڈینگی کے پھیلائو پر قابو پانے میں مدد ملی ہے

راولپنڈی۔17نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر حافظ محمد جواد زاہد نے کہا ہے کہ ضلع میں رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ موثر مچھر نگرانی، لاروا تلفی اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کے باعث ڈینگی کے پھیلائو پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔منگل کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 6,978 مشتبہ مریضوں کی سکریننگ کی گئی جن میں 107 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جبکہ اس وقت 9 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں 8 تصدیق شدہ کیسز شامل ہیں، نومبر میں اب تک ڈینگی کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 1,400 فیلڈ ٹیمیں جن میں 985 ان ڈور اور 415 آئوٹ ڈور ٹیمیں شامل ہیں، 17,859 رجسٹرڈ ہاٹ سپاٹس کی ہفتہ وار 100 فیصد کوریج یقینی بنا رہی ہیں۔ ٹیموں نے 61 لاکھ 50 ہزار سے زائد گھروں اور 21 لاکھ 10 ہزار سے زائد مقامات کا معائنہ کرکے 2 لاکھ 50 ہزار 116 ڈینگی لاروا تلف کیے۔

انہوں نے پیرودھائی، ڈھکالی کہوٹہ اور ڈھوک منگٹال کو بالترتیب 11.23، 11.04 اور 10.68 بریڈنگ انڈیکس کے باعث ہائی رسک علاقے قرار دیا۔ڈی ایچ او نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے جس کے تحت 3,110 مقدمات درج، 714 مقامات سیل، 2,726 چالان اور مجموعی طور پر 38 لاکھ 78 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں اور انسداد ڈینگی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ڈاکٹر حافظ محمد جواد زاہد نے کہا کہ ضلع میں ڈینگی کیسز میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں کمی آئی ہے، 2024ء میں 6,600 جبکہ 2025ء میں 1,600 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے فیلڈ سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے 1,800 ہیلتھ وزٹرز کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محکمہ صحت کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں