نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے عوامی شعور اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں بشمول کوئٹہ، ایبٹ آباد اور کراچی میں خصوصی سائبر سکیورٹی آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا
این سی سی آئی اے کا ملک بھر میں سائبر آگاہی مہم کا سلسلہ جاری، کوئٹہ، ایبٹ آباد اور کراچی میں خصوصی سیشنز کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے عوامی شعور اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں بشمول کوئٹہ، ایبٹ آباد اور کراچی میں خصوصی سائبر سکیورٹی آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق بلوچستان زون کوئٹہ کی ٹیم نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں آگاہی سیشن منعقد کیا جس میں فیکلٹی ممبران اور طالبات سمیت 150 شرکا نے حصہ لیا۔ سیشن میں ایس آئی حلیمہ اور اے ایس آئی محمد ہمایوں نے طالبات کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ، جعلی اکائونٹس اور مالی فراڈ سے بچائو سمیت ڈیجیٹل شواہد محفوظ رکھتے ہوئے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر یا آن لائن پورٹل پر شکایت درج کروانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
ادھر ایبٹ آباد میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) کے دفتر میں منعقدہ سیشن میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آفیسرز (اے ڈی اوز) اور ضلع بھر کے سکول لیڈرز کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال اور ذاتی معلومات کے تحفظ پر بریفنگ دیتے ہوئے زور دیا گیا کہ وہ طلبہ و طالبات میں ذمہ دارانہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کا شعور اجاگر کریں۔ اسی طرح کراچی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے کراچی شیف ایسوسی ایشن کی دعوت پر منعقدہ ’’انٹرنیشنل کلینری سیلونیئر 2026‘‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے شرکا کو مشکوک لنکس سے گریز اور ذاتی و مالی معلومات محفوظ رکھنے کی تلقین کی۔ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور شہریوں میں سائبر آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ادارہ محفوظ ڈیجیٹل رویوں کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں و عوامی سطح پر ایسے سیشنز کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1799 یا قریبی سرکل میں درج کروائیں۔






