وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات ،انتخابی اصلاحات کمیٹی بارے گفتگو کی
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات ،انتخابی اصلاحات کمیٹی بارے گفتگو کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا ہے کہ اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات ہوئی جس دوران انتخابی اصلاحات کمیٹی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ عامر ڈوگر سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے تمام نام انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے موصول ہو چکے ہیں، کمیٹی کی تشکیل میں رکاوٹ اپوزیشن کی جانب سے نام نہ بھیجنا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن جلد اپنے نام حتمی کرے نام ملتے ہی سپیکر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی دھارے کی سیاست میں واپس آنا چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو،ٹاک شوز اور اسمبلی میں تحفظات بیان کرنے کے بجائے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنا مؤقف پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات دور کرانے کا موقع ملے گا۔پی ٹی آئی کی مثبت تجاویز انتخابی اصلاحات کے حتمی مسودے میں شامل کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی میں آئندہ انتخابات کے علاوہ موجودہ سیاسی حالات پر بھی بات ہو سکتی ہے، حکومت پی ٹی آئی کو اپنا مؤقف اور انتخابی تجاویز پیش کرنے کے لیے فورم فراہم کر رہی ہے۔







