ضلع خیبر میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ، رواں سال ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہو گئی
ضلع خیبر میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ، رواں سال ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہو گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):ضلع خیبر سے پولیو وائرس کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ متاثرہ بچہ سات ماہ کا ہے اور اس کا تعلق تحصیل باڑہ کی یونین کونسل مستک سے ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے انسدادِ پولیو کے مطابق ضلع خیبر سے رواں سال رپورٹ ہونے والا یہ تیسرا جبکہ خیبر پختونخوا سے ساتواں پولیو کیس ہے۔ ضلع خیبر کے تینوں کیسز میں پائے جانے والے وائرس کے جینیاتی روابط افغانستان میں گردش کرنے والے پولیو وائرس سے ملتے ہیں، جہاں رواں سال اب تک 50 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔پولیو حکام کے مطابق یہ صورتحال پاکستان اور افغانستان کے درمیان وائرس کی منتقلی کی نشاندہی کرتی ہے، اس لیے ہر بچے کی بار بار ویکسینیشن ناگزیر ہے۔ پولیو وائرس سرحدوں کا پابند نہیں اور جب تک ہر بچے کو ویکسین کے ذریعے تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، کوئی بھی بچہ اس بیماری کے خطرے سے مکمل طور پر محفوظ نہیں ہو سکتا۔
اگرچہ رواں سال مجموعی طور پر وائرس کی منتقلی میں کمی آئی ہے، تاہم پشاور بلاک، جس میں پشاور اور خیبر کے اضلاع شامل ہیں، سمیت جنوبی خیبر پختونخوا کے ملحقہ علاقوں میں وائرس کی موجودگی کے شواہد سامنے آ رہے ہیں۔پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے نئے کیس کی جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس وقت ضلع خیبر سمیت ملک کے 97 منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم جاری ہے، جس کے دوران تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 26 سے 31 اکتوبر کے دوران پشاور بلاک کی 78 یونین کونسلز میں انجیکشن کے ذریعے خصوصی پولیو ویکسینیشن مہم بھی چلائی گئی، جس کے تحت 10 سال تک کی عمر کے 8 لاکھ 29 ہزار بچوں کو تحفظ فراہم کیا گیا۔ بچوں میں قوتِ مدافعت بہتر بنانے کے لیے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور صحت کی بنیادی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کی حکمت عملیوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
پولیو حکام کے مطابق ویکسینیشن کے باعث پاکستان میں پولیو کیسز میں 99.8 فیصد کمی آئی ہے۔ 1990ء کی دہائی کے اوائل میں ملک میں سالانہ تقریباً 20 ہزار کیسز رپورٹ ہوتے تھے، جو 2025ء میں کم ہو کر 31 رہ گئے، جبکہ رواں سال اب تک 9 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں خیبر پختونخوا سے 7 اور سندھ سے 2 کیسز شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا کے سات کیسز میں سے 4 جنوبی اضلاع اور 3 ضلع خیبر سے رپورٹ ہوئے ہیں۔پولیو ایک انتہائی متعدی اور لاعلاج بیماری ہے جو عمر بھر کی معذوری اور بعض صورتوں میں موت کا سبب بن سکتی ہے، تاہم محفوظ اور مؤثر ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران قطرے لازمی پلوائیں اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات بھی بروقت مکمل کروائیں۔پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کمیونٹیز، مذہبی رہنماؤں اور ذرائع ابلاغ کا تعاون بھی اہم ہے تاکہ غلط معلومات کا تدارک اور ہر بچے تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔







