حلقہ این اے 77 گوجرانولہ ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

حلقہ این اے 77 گوجرانولہ ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن پاکستان نے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جمعہ کو کیس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ءاللہ تارڑ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

وزیر اطلاعات کے وکیل سجیل سواتی نے دوران سماعت کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی بہت عزت کرتے ہیں، عطاء اللہ تارڑ کے دورے کا مقصد ذاتی تھا، الیکشن مہم نہیں۔ وہ ذاتی وکیل کی دعوت پر گئے تھے، عطاء اللہ تارڑ ایک ذمہ دار پارلیمنٹیرین ہیں، کوئی ایسا کام نہیں کر سکتے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو، اس کے باوجود ہم کمیشن کے سامنے خود کو پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عطاء اللہ تارڑ کا دورہ کسی مہم سے متعلق نہیں تھا، وہ ذاتی دعوت پر گئے تھے اور تحریری جواب الیکشن کمیشن کو جمع کروا دیا تھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس تقریب میں شرکت کی وہاں انتخابی امیدوار موجود نہیں تھا، ہم الیکشن کمیشن کی عزت کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشں نے سماعت کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔