خواتین کھلاڑی پاکستان کا حقیقی چہرہ اور روشن مستقبل ہیں، مقامی کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کے لئے 33 کروڑ 50 لاکھ روپے کے منصوبے جاری ہیں، حنیف عباسی

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ خواتین کھلاڑی پاکستان کا حقیقی چہرہ اور روشن مستقبل ہیں، کھیلوں کے شعبے میں خواتین کی شرکت کو فروغ دینے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے

راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ خواتین کھلاڑی پاکستان کا حقیقی چہرہ اور روشن مستقبل ہیں، کھیلوں کے شعبے میں خواتین کی شرکت کو فروغ دینے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، مقامی کھیلوں کی سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لئے مجموعی طور پر 33 کروڑ 50 لاکھ روپے کے منصوبے جاری ہیں۔فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 14ویں انٹر یونیورسٹی تائیکوانڈو ویمن چیمپئن شپ27۔2026کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سپورٹس جمنازیم کی تکمیل اور اپ گریڈیشن کے لئے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ سٹیڈیم کو جدید بنانے کے لئے 25 کروڑ روپے کا منصوبہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آڈیٹوریم کی اپ گریڈیشن بھی رواں سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائے گی۔

محمد حنیف عباسی نے پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں سے چیمپئن شپ میں شریک خواتین کھلاڑیوں کو ایک قومی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں اور خواتین کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کالج میں خواتین کے لئے مخصوص کرکٹ اور ہاکی سٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ کرکٹ اور فٹ بال کی نئی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے ملک بھر میں خواتین کھلاڑیوں کے لئے جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور مواقع کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ لسانی، علاقائی اور نسلی تقسیم سے بالاتر ہو کر اپنی پاکستانی شناخت کو ترجیح دیں۔

انہوں نے ملکی خودمختاری کے تحفظ پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف آئندہ کسی جارحیت یا دراندازی کی کوشش کا دوگنا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔اس موقع پر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے اپنے استقبالیہ خطاب میں امید ظاہر کی کہ چیمپئن شپ خواتین کے کھیلوں کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر اور کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کے لئے وفاقی وزیر کے تعاون اور معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔تین روزہ چیمپئن شپ میں ملک بھر کی مختلف جامعات سےطالبات شرکت کر رہی ہیں۔