پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 نے پاکستان کو عالمی معدنی سرمایہ کاری کے نقشے پر نمایاں کر دیا

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) پاکستان کے معدنی وسائل کو بین الاقوامی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور طویل المدتی معاشی ترقی سے منسلک کرنے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔ فورم میں 60 سے زائد ممالک کے 10 ہزار سے زیادہ ملکی و غیر ملکی افرادنے شرکت کی تھی جبکہ پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) پاکستان کے معدنی وسائل کو بین الاقوامی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور طویل المدتی معاشی ترقی سے منسلک کرنے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔ فورم میں 60 سے زائد ممالک کے 10 ہزار سے زیادہ ملکی و غیر ملکی افرادنے شرکت کی تھی جبکہ پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔یہ فورم 12 اور 13 نومبر کو حکومت پاکستان کے زیر اہتمام خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سرپرستی میں منعقد ہوا تھا جبکہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) اس کا بانی شراکت دار تھا۔

فورم میں سٹریٹجک اور تکنیکی کانفرنسز کے علاوہ بین الاقوامی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور خدمات پیش کیں۔فورم کے دوران بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشت کین میں تقریباً 35 کروڑ ٹن تانبے کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کی گئی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے ڈرلنگ کے تقریباً نصف ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر یہ تخمینہ پیش کیا۔ ماڑی منرلز نے بھی چاغی میں سونے اور تانبے کی اہم دریافت کا اعلان کیا جبکہ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری مقامات پر تانبے اور سونے کی معدنیات کی موجودگی کی اطلاع دی۔ این آر ایل نے پاکستان کے معدنی شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے معدنی شعبے میں جدید ایکسپلوریشن، جیولوجیکل میپنگ اور مستند معلومات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بلوچستان کے ضلع چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن، جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے معدنی امکانات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر معدنی معلومات تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع بہتر بنانے کے لیے نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) جیوپورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا۔فورم کے مختلف اجلاسوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، ماحولیاتی و سماجی معیارات، شفاف ضوابط اور سرمایہ کاروں کے لیے قابلِ اعتماد پالیسی نظام کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، جدید پروسیسنگ ٹیکنالوجی، ارضیاتی جائزوں، معدنی ذخائر کی تلاش اور پائیدار کان کنی سے متعلق تکنیکی مباحثے بھی منعقد ہوئے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم آئی ایف کے صدر اور او جی ڈی سی کے ایم ڈی و سی ای او احمد حیات لک نے او جی ڈی سی اور ووڈ میکینزی کے اشتراک سے شروع کیے گئے قومی منرلز کیپیسٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کو اجاگر کیا جس کا مقصد معدنی شعبے میں پیشہ ورانہ مہارتوں، ادارہ جاتی استعداد اور صنعتی معیار کو بہتر بنانا ہے۔احمد حیات لک نے کہا کہ پی ایم آئی ایف 2026 کی حقیقی کامیابی کا پیمانہ منعقد ہونے والے مباحثوں یا دستخط کیے گئے معاہدوں کی تعداد نہیں بلکہ آگے بڑھنے والی شراکت داریوں، ترقی پانے والے منصوبوں اور عملی شکل اختیار کرنے والی سرمایہ کاری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل قدرت کا عطیہ ہیں، انہیں دیرپا خوشحالی میں تبدیل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی شرکا کو نومبر 2027ء میں منعقد ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے اگلے ایڈیشن میں شرکت کی دعوت بھی دی۔پی ایم آئی ایف 2026 نے پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اب توجہ ان معاہدوں، شراکت داریوں اور سرمایہ کاری کے اعلانات کو عملی منصوبوں اور پائیدار معاشی نتائج میں تبدیل کرنے پر مرکوز ہے ۔