پاکستان ہاکی ٹیم نے 32ویں سلطان اذلان شاہ کپ2026 کے رائونڈ رابن میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے
پاکستان ہاکی ٹیم نے کینیڈا کو 1-5 سے شکست دے دی

مزید خبریں
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم نے 32ویں سلطان اذلان شاہ کپ2026 کے رائونڈ رابن میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کینیڈا کو 1-5 سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے ہیٹرک اسکور کی جبکہ محمد عماد اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کا آغاز تیز رفتار رہا اور پاکستان نے شروع سے ہی کینیڈا کے دفاع پر دبائو برقرار رکھا۔ پاکستان کے لیے پہلا گول 18ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر کیا، جس کے بعد 37ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کر کے برتری کو دوگنا کر دیا۔
کینیڈا کی جانب سے واحد گول 45 ویں منٹ میں کرن رابنسن نے فیلڈ گول کی صورت میں اسکور کیا۔تیسرے کوارٹر کے اختتام اور چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔ 48 ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کیا۔ 52ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کے ذریعے اسکور 1-4 کر دیا، جبکہ 53ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کی فتح 1-5 سے یقینی بنا دی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے 18ویں، 48ویں 53ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کے ذریعے تین گول کی ہیٹرک، محمد عماد نے37ویں منٹ میں فیلڈ گول، حنان شاہد نے 52ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کیا۔ کینیڈا کی جانب سے واحد گول کرن رابنسن نے سکور کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے ٹیم کی اس کارکردگی کو سراہا گیا ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز میں بھی اسی تسلسل اور جذبے کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرے گی۔







