پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جناب یاﺅ جنگ کی اسلام آبا د چیمبر کے وفد سے بات چیت

اسلام آباد 11 جنوری(اے پی پی) پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر جناب یاﺅ جنگ نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبے میں بھرپور شرکت یقینی بنائے جس سے ان کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس …

اسلام آباد 11 جنوری(اے پی پی) پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر جناب یاﺅ جنگ نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبے میں بھرپور شرکت یقینی بنائے جس سے ان کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ چین کے سفیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ان زونز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے کیونکہ ان زونز میں ان کو کاروباری شراکتوں اور پارٹنرشپ کے بہت سے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان چین کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر اور چین کے تجربے و مہارت سے فائدہ اٹھا کر اپنی معیشت کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ یاﺅ جنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی باہمی تجارت زیادہ تر چین کے حق میں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری چین کے ساتھ تجارت و برآمدات کومزید فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔