سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی امریکہ کی قائمقام معاون وزیر خارجہ ایلس ویلس سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکہ کے ساتھ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کے ماحول میں آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں نے ملکی سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انسداد دہشت گردی کے یہ جامع اقدامات …

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکہ کے ساتھ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کے ماحول میں آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں نے ملکی سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انسداد دہشت گردی کے یہ جامع اقدامات پورے خطے میں امن و استحکام کے لئے بھی مفید ثابت ہوں گے، سرحد کے آر پار نقل و حرکت سے متعلق خدشات کے ازالے کے لئے پاک افغان سرحدی انتظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو امریکہ کی قائمقام معاون وزیر خارجہ ایلس ویلس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے دفتر خارجہ میں ان کے ساتھ ملاقات کی۔ امریکہ کی نائب وزیر خارجہ کے ہمراہ امریکی قومی سلامتی کونسل کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے جبکہ خارجہ سیکرٹری کی معاونت وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران نے کی۔ امریکی معاون وزیر خارجہ کا یہ دورہ دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے لئے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ رابطوں کا حصہ ہے۔ علاقائی صورتحال کے حوالے سے خارجہ سیکرٹری نے پاکستان کے استحکام کے خلاف دشمن عناصر کی طرف سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔