وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ یکم فروری (اے پی پی) توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا۔ اجلاس میں این ٹی ڈی سی اور عالمی بینک کے ذریعے مقرر کئے گئے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی جانب سے تیار کی گئی بجلی کی دستیابی طلب کی صورتحال سے متعلق رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان …

اسلام آباد ۔ یکم فروری (اے پی پی) توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا۔ اجلاس میں این ٹی ڈی سی اور عالمی بینک کے ذریعے مقرر کئے گئے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی جانب سے تیار کی گئی بجلی کی دستیابی طلب کی صورتحال سے متعلق رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان 2017ءسے 2030ءکے دوران توانائی بحران پر قابو پا لے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران اگرچہ توانائی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے تاہم آئندہ برسوں میں بلند ترین جی ڈی پی کے حصول کے تناظر میں طلب و رسد کی صورتحال کی مستقل نگرانی کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ مٹیاری لاہور ترسیلی لائن منصوبہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجوزہ منصوبے سے 4000 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ملک کے جنوبی حصوں سے وسطی لوڈ مراکز تک مجوزہ نئی پیداوار سے توانائی کی ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔ وزیراعظم نے تھر اور ملک کے جنوب میں دیگر توانائی منصوبوں کی متوقع تکمیل کے تناظر میں ترسیلی لائن مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں قابل تجدید توانائی پالیسی 2006ءمیں ترامیم پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میںیہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئی قیمتوں کی تجویز کو بہترین بین الاقوامی ماڈلز کی بنیاد پر وضع کیا جائے گا تاکہ بجلی کی کم سے کم قیمت کے تناظر میں زیادہ مسابقتی قیمتیں حاصل کی جا سکیں۔