وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی افغان صدر محمد اشرف غنی کی دعوت پر (کل)کابل کا دورہ کریں گے

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی افغان صدر محمد اشرف غنی کی دعوت پر (کل) جمعہ کو کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے افغانستان کے دورہ کامقصد دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو تقویت دینا اور دونوں ممالک اور خطے میں پائیدار امن ،استحکام اور اقتصادی خوشحالی کی جستجو میں مشترکہ کاوشوں کو مضبوط بنانے میں معاونت کرنا ہے۔ …

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی افغان صدر محمد اشرف غنی کی دعوت پر (کل) جمعہ کو کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے افغانستان کے دورہ کامقصد دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو تقویت دینا اور دونوں ممالک اور خطے میں پائیدار امن ،استحکام اور اقتصادی خوشحالی کی جستجو میں مشترکہ کاوشوں کو مضبوط بنانے میں معاونت کرنا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کا دورہ افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کے لئے طالبان کے ساتھ صدر اشرف غنی کی پیش کش کے حوالے سے پاکستان کی حمایت اور دوطرفہ روابط کو مستحکم کرنے کے تناظر میں ہے۔ وزیراعظم افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور انسداددہشت گردی تعاون ،افغان مہاجرین کی واپسی، منشیات کی پیداوار ونقل وحمل کی روک تھام، افغان امن عمل اور علاقائی سیاسی و سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر تفصیلی مشاورت کریں گے۔ بیان کے مطابق پاکستان افغانستا ن میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں استعداد کار میں اضافے کے ذریعے افغانستان کی ترقیاتی کاوشوں میں معاونت جاری رکھے گا۔ اس ضمن میں وزیر اعظم افغان قیادت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولیات کے طریقوں ،تعلیمی معاونت اور پاکستان میں افغان شہریوں کی طبی سہولت اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور راہدری سہولت کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کریں گے۔

مزید خبریں