کابل۔ 6 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ‘ وزیر داخلہ احسن اقبال‘ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کے ہمراہ جمعہ کو کابل کا دورہ کیا۔ افغان صدر اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد افغان …
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ون آن ون ملاقات، افغان صدارتی محل میں وفود کی سطح پر مذاکرات

مزید خبریں
کابل۔ 6 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ‘ وزیر داخلہ احسن اقبال‘ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کے ہمراہ جمعہ کو کابل کا دورہ کیا۔ افغان صدر اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد افغان صدارتی محل میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ انہوں نے افغانستان میں امن و مصالحت‘ انسداد دہشتگردی‘ افغان پناہ گزینوں کی واپسی‘ دوطرفہ تجارت اور علاقائی رابطے سمیت پاک افغان تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی ‘ باہمی دلچسپی کے تمام معاملات پر وسیع البنیاد اور منظم رابطے کا مفید فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امن و یکجہتی کے لئے پاک افغان ایکشن پلان کے تحت پانچوں ورکنگ گروپس کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں امن و مصالحت کے افغان صدر اشرف غنی کے وژن اور طالبان کو امن مذاکرات کی ان کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے طالبان پر زور دیا کہ وہ امن پیشکش کا مثبت جواب دیں اور مزید تاخیر کے بغیر امن عمل میں شامل ہوں۔ انہوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ دشمن اور خطرہ ہے، انہوں نے اپنی اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کا امن‘ خوشحالی اور استحکام ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ اور راہداری تجارت کے تمام مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








