وزیر مملکت رانا محمد افضل خان کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کے اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آئندہ مالی سال 2018-19 کے لئے وفاقی بجٹ پیش کرے گی، نئے مالی سال میں بالخصوص تنخواہ دار طبقہ کو تقریبا 80 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا، یکم جولائی 2018 سے ایک لاکھ روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے افراد کو انکم ٹیکس سے چھوٹ …

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آئندہ مالی سال 2018-19 کے لئے وفاقی بجٹ پیش کرے گی، نئے مالی سال میں بالخصوص تنخواہ دار طبقہ کو تقریبا 80 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا، یکم جولائی 2018 سے ایک لاکھ روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے افراد کو انکم ٹیکس سے چھوٹ حاصل ہو گی جبکہ ایک لاکھ سے زائد آمدنی والے افراد کے لئے بھی ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔ وہ منگل کو یہاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کئے گئے متناسب اقدامات کی بدولت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مجموعی محصولات چار ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اس موقع پر رکن کمیٹی مصدق مسعود ملک نے ایف بی آر کے ٹیکس نظام میں تبدیلی کے لئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ اس حوالے سے کئے گئے فیصلے سے تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف ملے گا جن میں زیادہ تعداد غریبوں یا متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ہے۔