حسینہ واجد کی حکومت گرانے میں مداخلت بارے الزامات بے بنیاد،اس معاملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، امریکا

109

واشنگٹن ۔13اگست (اے پی پی):امریکا نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت گرانے میں اپنی مداخلت بارے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں۔رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرائن جین پیئر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بنگلہ دیشی حکومت کے گرانے میں ہمارا کوئی کردار نہیں،اس معاملے میں ہمارے ملوث ہونے بارے اطلاعات یا افواہیں سراسر غلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیشی عوام کو اپنی حکومت کے مستقبل کا تعین کرنا چاہیے اور ہم اسی جگہ کھڑے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں اکنامک ٹائمز اخبار کی ایک رپورٹ میں حسینہ واجد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امریکا نے انہیں بے دخل کرنے میں کردار ادا کیا کیونکہ وہ بنگلہ دیش کے خلیج بنگال میں واقع جزیرے سینٹ مارٹن پر اپنا کنٹرول چاہتا ہے۔ اخبار نے کہا کہ حسینہ نے یہ پیغام اپنے قریبی ساتھیوں کے ذریعے اسے پہنچایا تھا۔حسینہ واجد کے بیٹے سجیب وازید نے بعد ازاں ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ والدہ نے کبھی ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔