وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ سے آزادکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی ملاقات

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے آزادکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی طارق محمودپاشا، سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان،چیف سیکرٹری آزادکشمیر کے علاوہ دیگراعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ملاقات میں آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کا خطہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر اعظم پاکستان نے آزادکشمیر کے مسائل کے حل کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اہمیت کا انداز ہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ موجودہ مالیاتی سال میں تمام صوبوں کے بجٹ میں کٹ لگایا گیا لیکن آزادکشمیر کی اہمیت کو جانتے ہوئے اس کے بجٹ کو برقرار رکھا گیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وہ تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر آزادکشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔مشیر اُمور کشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں ٹیکس اصلاحات کے سلسلے میں ٹریک وٹر یس سسٹم کے نفاذ کے لیے تمام تر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ آزادکشمیر میں ٹیکس کولیکشن کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔

آزادکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے تنخواہوں میں اضافہ کے اثرات اور مہنگائی کے پیش نظر مختلف منصوبوں کے ریٹس بڑھانے کے حوالے سے بجٹ ایشوپر آزادکشمیر کے تحفظات سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اس ضمن میں حکومت پاکستان تعاون کرے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے پی ٹی اے اور یوایس ایف میں آزادکشمیر کے شیئر کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور کہاکہ اس شیئر کی ادائیگی کے سلسلے میں وزارت اُمور کشمیر اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال کے باعث پی ایس ڈی پی فنڈز میں کمی کر دی گئی ہے لیکن اس کے باوجودد آزادکشمیر کی خصوصی اہمیت کو جانچتے ہوئے اُن کی وزارت آزادکشمیر کے معاشی مسائل کے حل کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وزارت اُمور کشمیر اور آزادکشمیر حکومت میں تعاون اور رابطوں کو اورمضبوط کیا جائے۔