وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں تمباکو کی غیرقانونی نقل وحرکت اورٹیکس چوری کےرجحان کو ختم کرنے کےلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی فوری روک تھام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال میں ٹیکس اہداف کی وصولی کو یقینی بنایا جائے، ٹیکس چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر انفورسمنٹ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ وہ بدھ کو ملک میں تمباکو کی غیر قانونی نقل و حرکت اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے جس کےنتیجہ میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی سے دسمبر تک اس سیکٹر میں 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں جو کہ گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کئے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ایک جامع حکمت عملی سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ اس شعبہ میں ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔ وزیر اعظم نے ٹیکس نظام کی بہتری کے لئے ایف بی آر حکام کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں اپنی کوششیں مزید تیز کر کے ٹیکس وصولی کے نظام میں خاطر خواہ بہتری لانے کی ہدایت کی۔