پی ٹی وی پربچوں کے خصوصی پروگرام ”پلینٹ چیمپس” کے آغاز سے توانائی، پانی کے تحفظ، فضلہ کو ٹھکانے لگانے اور شجرکاری سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پربچوں کے خصوصی پروگرام ”پلینٹ چیمپس” کے آغاز سے توانائی، پانی کے تحفظ، فضلہ کو ٹھکانے لگانے اور شجرکاری سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی، بچوں میں آگاہی پیدا کرنے سے پٹرولیم اور توانائی کے درآمدی بل میں کمی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے گیس اور بجلی کے بلوں میں بھی کمی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پی ٹی وی میں خصوصی پروگرام ”پلینٹ چیمپس” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر بچپن میں بچوں کے پروگرام دیکھتے تھے لیکن اب طویل عرصہ بعد پی ٹی وی نے بچوں میں آگاہی کے حوالہ سے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے، سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان اور ان کی ٹیم کو بچوں کیلئے شاندار پروگرام شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، بچے اور ان کے والدین بھی اس پروگرام کے آغاز پر مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ وہ بھی چاہتے تھے کہ پی ٹی وی پر ایسا پروگرام نشرکیا جائے جس میں بچوں میں آگاہی سے متعلق مواد ہو۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان میں خصوصی آگاہی پیدا کرنا وزیراعظم کا خصوصی وژن ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت کابینہ نے توانائی بچائومہم کی منظوری دی، پی ٹی وی اس وژن پر اس پروگرام کے ذریعہ عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی پروگرام کے ذریعہ بچوں میں بجلی و پانی کا ضیاع روکنے، شجرکاری، صفائی کا خیال

رکھنے، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور پلاسٹک کو ضائع کرنے سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے گی، بجلی ، پانی اور گیس کا ضیاع روکنے سے اس کے بل کم آئیں گے، اس سے نہ صرف شہریوں کی بچت ہو گی بلکہ قومی سطح پربھی بچت ہوگی، پٹرولیم اور توانائی کے درآمدی بل بھی کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کیلئے آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعہ رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے، یہ پروگرام دو کرداروں شانزے اور شازن کے گرد گھومتا ہے، یہ بچے اپنے گھروں کے چیمپس ہیں، آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعہ بچے اپنے گھروں میں آگاہی پیدا کریں گے، توانائی اور پانی کی بچت سمیت دیگر اقدامات کے ذریعہ ان بچوں کو سکور کارڈزدیئے جائیں گے، بہترین سکور کارڈز پر انہیں انعامات دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں اور طالب علموں کی دلچسپی کے مواد اور پروگرام میں ان کی شمولیت کے ذریعہ آگاہی پیدا کی جائے گی، اس کو روایتی نصاب کا حصہ بھی بنایا جا رہا ہے جو بڑا اقدام ہے، غیرروایتی طریقہ سے بھی بچوں کی شمولیت یقینی بنا کرآگاہی پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ وائڈ فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) اور سٹیزن فائونڈیشن اس پروگرام کے شراکت دارہیں، سٹیزن فائونڈیشن اپنے دو ہزار سکولوں کے بچے اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر سے بچوں اور طالب علموں کو اس پروگرام کیلئے رجسٹرڈ کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں بہتری لائیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے ”پلینٹ چیمپس” کا افتتاح کیا۔