خیبر پختونخوا قانون ساز کمیٹی کا اجلاس، سروس ٹربیونل بل 2026 اور موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترامیم پر غور

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیر صدارت دو اہم ایجنڈوں پر مشتمل قانون ساز کمیٹی کا اجلاس

پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیر صدارت دو اہم ایجنڈوں پر مشتمل قانون ساز کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز محکمہ قانون کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔محکمہ قانون خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری محکمہ قانون، سیکرٹری ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول، ایڈووکیٹ جنرل آفس، محکمہ قانون، محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ، بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا سروس ٹربیونل بل 2026 کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے مجوزہ بل کی قانونی، انتظامی اور آئینی جہات پر غور کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کی آراء اور سفارشات سنیں تاکہ سرکاری ملازمین کو مؤثر اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے ایک جامع قانونی فریم ورک وضع کیا جا سکے۔اجلاس کے دوسرے ایجنڈے میں موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں مجوزہ ترامیم پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ٹریفک نظم و نسق، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکسیشن اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قانونی اصلاحات کے مختلف پہلو زیر بحث آئے۔ کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت اور مؤثر عملدرآمد کو مدنظر رکھتے ہوئے ترامیمی تجاویز کو مزید بہتر بنایا جائے۔وزیر قانون آفتاب عالم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے قانونی اور انتظامی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون سازی کے عمل میں تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مفاد اور گڈ گورننس کے اصولوں کے مطابق مؤثر قوانین متعارف کرائے جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر دونوں مسودات پر موصول ہونے والی آراء اور سفارشات کی روشنی میں ضروری ترامیم شامل کرنے اور آئندہ اجلاس میں حتمی مسودات پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔