"اسلام آباد پولیس کے انتظامی اور پیشہ ورانہ امور سمیت سکیورٹی، ٹریفک، لاجسٹکس اور پولیس ویلفیئر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، سید علی ناصر رضوی”
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سینئر پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ، سکیورٹی، ٹریفک، لاجسٹکس اور پولیس ویلفیئر سے متعلق امور کا جائزہ
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں اسلام آباد پولیس کے مختلف انتظامی اور پیشہ ورانہ امور سمیت سکیورٹی، ٹریفک، لاجسٹکس اور پولیس ویلفیئر سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو مختلف ٹاسکس تفویض کئے۔انہوں نے تمام افسران کو ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل اور موثر کارکردگی کے لئے ضروری احکامات بھی جاری کئے۔متعلقہ افسران نے اپنے شعبہ جات سے متعلق جاری اقدامات اور مختلف امور پر آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے افسران کو مختلف اہم ٹاسکس تفویض کرتے ہوئے ان کی بروقت اور موثر تکمیل کے لیے ضروری رہنمائی اور ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے متعلقہ شعبہ جات میں تفویض کردہ ذمہ داریوں کو پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کریں اور جاری اقدامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو مزید موثر بنانے، دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے اور پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لیے موثر انتظامی نظام، بہتر رابطہ کاری اور ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ تمام افسران شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی اور فورس کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔









