آئی جی پنجاب کا عاشورہ محرم الحرام پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم

لاہور۔25جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوسوں، مجالس اور عزاداروں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ آئی …

لاہور۔25جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوسوں، مجالس اور عزاداروں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام فیلڈ افسران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام پر صوبہ بھر میں ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے جبکہ تمام اضلاع میں سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 09 ویں محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1697 عزاداری جلوس برآمد اور 3869 مجالس منعقد ہوئیں جن کی سکیورٹی کیلئے 70 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار مامور رہے۔ اے کیٹیگری کے 208 عزاداری جلوس اور 337 مجالس کی خصوصی سکیورٹی یقینی بنائی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 81 عزاداری جلوس برآمد اور 386 مجالس منعقد ہوئیں جن میں اے کیٹیگری کے 26 جلوس اور 46 مجالس شامل تھیں۔ ان تمام مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ضابطہ اخلاق و دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی لیڈرز، ضلعی انتظامیہ، علما کرام اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے یوم عاشور کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے علما کرام اور کمیونٹی لیڈرز پر زور دیا کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی، برداشت اور رواداری کے فروغ میں اپنا موثر کردار ادا کریں تاکہ امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ محکمہ داخلہ، سیف سٹیز اتھارٹی اور تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز کے ذریعے سکیورٹی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز اور دیگر جدید آلات کے ذریعے سکیورٹی چیکنگ کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ عزاداری جلوسوں کے روٹس پر واقع اہم عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ جلوسوں کے ساتھ سادہ لباس میں کمانڈوز بھی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرا، علما کرام، آرمڈ فورسز، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی برقرار ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔