آئی جی کے پولیس افسران کو جرائم پیشہ ، منشیات فروشوں،متحرک گروہوں کے خلاف خصوصی آپریشنز، کمیونٹی پولیسنگ کی ترویج، پٹرولنگ سسٹم کی مئوثر منصوبہ بندی اور ہنگامی ٹیموں کی تشکیل کے احکامات

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):انسپکٹرجنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے پولیس افسران کو جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور متحرک گروہوں کے خلاف خصوصی آپریشنز، شہریوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور کمیونٹی پولیسنگ کی ترویج، پٹرولنگ سسٹم کی مئوثر منصوبہ بندی اور ہنگامی ٹیموں کی تشکیل کے احکامات جاری کئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کی زیرِ …

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):انسپکٹرجنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے پولیس افسران کو جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور متحرک گروہوں کے خلاف خصوصی آپریشنز، شہریوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور کمیونٹی پولیسنگ کی ترویج، پٹرولنگ سسٹم کی مئوثر منصوبہ بندی اور ہنگامی ٹیموں کی تشکیل کے احکامات جاری کئے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سیف سٹی اسلام آباد اور سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی محمد ہارون جوئیہ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، اے آئی جیز،ایس ایس پیز ،ایس پیز ،سیف سٹی اور سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے تھانہ جات کی جدید تقاضوں کے مطابق تعمیرِ نو، اپ گریڈیشن، شہریوں کے لیے سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور جدید سکیورٹی آلات کی تنصیب کے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں کو جدید اور عوام دوست مراکز میں تبدیل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور بروقت پولیس سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور متحرک گروہوں کے خلاف خصوصی اور مئوثر آپریشنز تیز کرنے، شہریوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے، کمیونٹی پولسنگ کے فروغ، پٹرولنگ سسٹم کی مئو ثر اور منظم منصوبہ بندی، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے فوری ردعمل ٹیموں کی تشکیل کے احکامات بھی جاری کیے۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم مقدمات کی تفتیش، شواہد کی جانچ پڑتال، مشکوک افراد کی تحقیقات اور حساس کیسز میں ہونے والی پیش رفت پر کا جائزہ لیا۔انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ تمام مقدمات کو بروقت، مو ثر اور پیشہ ورانہ انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید برآں آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ، اے آئی جی اسپیشل برانچ اور اے آئی جی آپریشنز کے ساتھ میٹنگ میں انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات، حساس آپریشنز کی کارکردگی، مجموعی امن و امان کی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف زونز میں جاری سرچ آپریشنز اور دہشت گردوں و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں مزید بہتری کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔